واشنگٹن ، 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر براک اوباما نے متنبہ کیا ہے کہ اگر ماسکو حکومت یوکرین کے تنازعے کو ہوا دینے میں مصروف رہی تو روس کے خلاف مزید سخت پابندیاں نافذ کی جا سکتی ہیں۔ صدر اوباما کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب یوکرین کے مشرقی حصوں میں متعدد سرکاری عمارتوں پر قابض روس نواز مظاہرین کو اسلحہ پھینک دینے کیلئے کیئف حکومت کی قطعی مہلت آج ختم ہو رہی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے جاری کردہ بیان میں اوباما نے یورپی یونین اور بین الاقوامی برادری سے کہا کہ وہ روس کی مزید اشتعال انگیز کارروائیوں پر ردعمل کے طور پر سخت پابندیاں عائد کرنے کیلئے تیار رہیں۔ کیئف حکومت کی جانب سے گزشتہ روز کہا گیا تھا کہ اگر روس نواز مظاہرین ہتھیار پھینک دیں اور سرکاری عمارتوں پر سے اپنا قبضہ ختم کر دیں تو انھیں عام معافی دے دی جائے گی۔ تاہم دوسری صورت میں ان کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔