روس کا ٹرمپ۔کم مذاکرات کا خیر مقدم

ماسکو ۔ 27فروری (سیاست ڈاٹ کام) روس نے امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے درمیان کوریائی جزیرہ نما میں نیوکلیئر ترک اسلحہ سلسلہ میں ویت نام کے دارالحکومت ہنوئی میں ہو رہے مذاکرات کا خیر مقدم کیا ہے ۔روس کے صدر دفتر کے ترجمان دیمتری پیسکوو نے منگل کو کہا:’’نیوکلیئر پھیلاؤ کو روکنے کے ساتھ ساتھ مکمل طور پر محفوظ جزیرہ نما کوریا کو حاصل کرنا اہم ہے‘‘۔روس کا خیال ہے بین الاقوامی برادری کے مطالبہ کی تکمیل کرنے کے لئے اگر شمالی کوریا کوئی بھی قدم اٹھاتا ہے تو اس کے بدلے میں اسے بھی کچھ ملنا چاہئے ۔ شمالی کوریا پر صرف دباؤ بڑھانے کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔مسٹر ٹرمپ اور مسٹر کم کے درمیان 27-28 فروری کو ہنوئی میں دوسری سربراہی اجلاس ہونے جارہاہے ۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان پہلی سربراہی اجلاس گزشتہ سال جون میں سنگاپور میں ہوا تھا۔سنگاپور میں ہونے والی پہلی سربراہی کانفرنس کے بعد جاری مشترکہ بیان میں مسٹر ٹرمپ نے شمالی کوریا کو تحفظ کی ضمانت فراہم کی تھی اور مسٹر کم پورے جزیرہ نما کوریا میں مکمل جوہری ترک اسلحہ کے عزم کا اظہار کیا تھا۔