روس کا فاکس نیوز سے معذرت خواہی کا مطالبہ

ماسکو، 7فروری (سیاست ڈاٹ کام) روس کی حکومت نے امریکہ کے ممتاز فاکس نیوز چینل سے صدر ولادیمیر پوتن پر کئے گئے شرمناک تبصرے پر معافی مانگنے کو کہا ہے ۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ایک انٹرویو کے دوران چینل کے اینکربل او ریلي نے مسٹر پوٹن کو’قاتل’ قرار دیا تھا۔ دراصل وہ مسٹر ٹرمپ پر یہ واضح کرنے کا دباؤ ڈال رہے تھے کہ آخر وہ مسٹر پوٹن کی اتنی عزت کیوں کرتے ہیں۔ روسی حکومت کے ترجمان دیمتری پیسکوو نے کل نامہ نگاروں سے کہا”فاکس ٹی وی کمپنی کی جانب سے مسٹر پوٹن پر کیا گیا یہ تبصرہ توہین آمیز اور ناقابل قبول ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ٹی وی چینل اس کیلئے افسوس کا اظہار کرے ”۔ادھر چینل کے اینکر نے روس حکومت کے اس اصرار کو مسترد کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا”میں نے اس سمت میں سوچ رہا ہوں لیکن اس میں تھوڑا وقت لگے گا اور میں کم سے کم 2023 تک معافی مانگ لوں گا”۔دراصل مسٹر پوٹن کے ناقدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے بہت سے مخالفین کے قتل کے احکامات دیے ہیں۔

گزشتہ سال جنوری میں ایک برطانوی عدالت نے کہا تھا کہ روسی صدر نے انٹیلی جنس ایجنسی کے جی بی کے سابق ایجنٹ الیگزینڈر لتوینکو کا لندن میں قتل کا حکم دیا تھا۔ اس معاملے میں مسٹر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ پوٹن کو مجرم ٹھہرایا جائے ۔مسٹر پوٹن کے بارے میں امریکہ میں مسٹر ٹرمپ کے خیالات پر کافی توجہ دی جا رہی ہے کیونکہ امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کا الزام ہے کہ روس نے کمپیوٹر ہیکنگ کرواکر مسٹر ٹرمپ کی جیت میں مدد کی ہے ۔اتوار کو مسٹر ٹرمپ سے ایک انٹرویو کے دوران جب مسٹر پوٹن پر لگے الزامات کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے چینل سے ہی ایک سوال پوچھ لیا کہ کیا امریکہ خود بھی معصوم ہے اور اس نے خود بھی کافی غلطیاں کی ہیں۔ اس بات کے سلسلے میں کچھ ریپبلکن ممبران پارلیمنٹ نے کہا تھا کہ دونوں ملک کے رہنماؤں کی سوچ میں کافی فرق ہے ۔ویسٹ ووڈ ون اسپورٹ ریڈیو پر اتوار کو ہی مسٹر ٹرمپ سے ان کے جوابات پر جب وضاحت کرنے کو کہا گیا تو انہوں نے کہا مجھے کچھ بھی واضح نہیں کرنا ہے اور یہ سوال بھی ہے کہ کیا آپ مسٹر پوٹن کی عزت کرتے ہیں، آخر کار وہ ایک بڑے ملک کے سربراہ ہیں۔