روس کا ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کا پیشکش

جرمنی کا مذاکرات کے احیاء کیلئے ایران اور سعودی عرب پر زور
ماسکو ؍ برلن۔ 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) روس، سعودی عرب اور ایران کے درمیان تنازعہ کی یکسوئی کیلئے ثالث کی حیثیت سے کام کرنے کیلئے تیار ہے۔ اس تنازعہ کی وجہ سے سعودی عرب نے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرلئے ہیں۔ وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ روس کو مشرق وسطیٰ میں تازہ ترین کشیدگی پر گہری تشویش ہے جو دو بڑی علاقائی طاقتوں سعودی عرب اور ایران کے درمیان تنازعہ کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے۔ قبل ازیں ایک اور نامعلوم روسی سفارتی ذریعہ کے حوالے سے خبر رساں ادارہ تاس نے اطلاع دی تھی کہ روس ، ایران اور سعودی عرب مذاکرات کی میزبانی کیلئے تیار ہے۔ برلن سے موصولہ اطلاع کے بموجب جرمنی نے سعودی عرب اور ایران پر زور دیا ہے کہ اپنے سفارتی تعلقات بحال کرلیں اور انتباہ دیا ہے کہ وہ سعودی عرب میں تبدیلیوں کو اسلحہ کی برآمد کیلئے پیش نظر رکھے گا۔