واشنگٹن۔ 24؍اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)۔ امریکی صدر بارک اوبامہ اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے گزشتہ روز خبردار کیا ہے کہ روس اپنی فوجی موجودگی اور گولہ باری کی وجہ سے یوکرین میں تنازعہ میں خطرناک حد تک اضافہ کررہا ہے۔ مرکل کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران اوبامہ نے کہا کہ یوکرین میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقے میں گزشتہ ماہ ملائیشیاء کی فضائی کمپنی کا ایک طیارہ گرائے جانے کے بعد سے تنازعہ ابتر ہوتا جارہا ہے۔ مغرب نے روسی حمایت یافتہ علیحدگی پسندوں پر الزام لگایا ہے کہ انھوں نے یہ طیارہ مار گرایا ہے جب کہ ماسکو اس کا الزام یوکرین پر عائد کرتا ہے۔ دریں اثناء جرمن چانسلر انجیلا مرکل ہفتہ کے روز یوکرین کی مغرب نواز قیادت کے ساتھ اہم مذاکرات کے لئے کیف پہنچ گئی ہیں، تاکہ ملک کے مشرق میں خونریزی کے خاتمے کا حل نکالا جاسکے۔ مرکل اپنے ایک روزہ دورہ کے دوران صدر پیٹرو پوروشنکو، وزیراعظم آرسینی یتسنیوک اور یوکرینی شہروں کے متعدد میئرس کے ساتھ ملاقاتیں کریں گی۔ اپریل کے بعد سے مشرقی علاقے میں کیف کی فوج اور روسی نواز علیحدگی پسندوں کے درمیان لڑائی میں 2,200 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔