بروسلز ۔ یکم اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) یورپی یونین روس پر عائد اقتصادی پابندیاں فوری طور پر نرم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ یورپی یونین کی ایک ترجمان کے مطابق مشرقی یوکرائن میں باغی امن معاہدے کی پاسداری نہیں کر رہے اور روس مبینہ طور پر اُن کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ بیان کے مطابق یورپی یونین چاہتی ہے کہ کییف اور ماسکو 5 ستمبر کو طے شدہ فائر بندی معاہدے پر مکمل طور پر عمل کریں۔ دوسری جانب یورپی یونین کیلئے روسی سفیر ولادی میر شزہوف کے بقول ماسکو حکام کو انتظار ہے کہ اگلے دنوں کے دوران اس کے ساتھی اور کیا اقدامات اٹھاتے ہیں۔ یورپی یونین نے ابھی حال میں روس پر عائد پابندیوں کو مزید سخت بنا دیا تھا۔