واشنگٹن ، 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کی سات بڑی اقتصادی قوتوں ’G-7‘ نے یوکرین میں روس کے اقدامات کے خلاف ماسکو پر نئی پابندیاں عائد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ جی۔ 7 امریکہ، کینیڈا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی اور جاپان پر مشتمل گروپ ہے اور اس نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وہ ’’مخصوص تحدیدات‘‘ کو تیز کرنے کیلئے اقدامات کریں گے۔ایک امریکی عہدیدار نے کہا کہ یہ پابندیاں پیر تک عائد کی جاسکتی ہیں۔کیئف اور روس کی فوجوں کی بڑی تعداد سرحدوں پر موجود ہے
اور اسی دوران یوکرین کے وزیراعظم ارسنی یتسنیوک نے روس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ یوکرین پر ’’سیاسی اور عسکری‘‘ طور پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ یتسنیوک نے عبوری کابینہ کے اجلاس میں بتایا کہ ماسکو ’’تیسری عالمی جنگ‘‘ شروع کرنا چاہتا ہے۔ دریں اثناء امریکی فوجی حکام نے کہا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں روس کے طیارے متعدد بار یوکرین کی فضائی حدود میں داخل ہوئے۔ ان خلاف ورزیوں کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ وزارت دفاع کے ترجمان نے ماسکو پر زور دیا کہ وہ ’’صورتحال میں اشتعال انگیزی کو ختم کرنے فوری اقدامات کرے‘‘۔