واشنگٹن 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی کانگریس نے مطالبہ کیاکہ روس کو یوکرین سے اپنی فوج فوراً واپس طلب کرلینی چاہئے اور صدر بارک اوباما پر زور دیا کہ بصورت دیگر روس پر تعزیری معاشی تحدیدات عائد کی جائیں۔ امریکی سنیٹ نے یوکرین کی تائید میں سخت لب و لہجہ والی قراردادیں منظور کیں۔ جن میں روس کے خلاف سخت زبان استعمال کی گئی ہے جسے عالمی طاقتوں کے گروپ سے معطل کردینے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ ایوان نمائندگی میں بھی روس کی مذمت کرتے ہوئے قرارداد منظور کی۔ یہ اقدامات طاقتور خارجہ تعلقات کمیٹی کے اجلاس پر پیش کئے گئے تاکہ یوکرین کی تائید اور روس کو سزا دینے کے اقدامات کی توثیق ہوسکے۔
اقوام متحدہ رپورٹ پر مسلم حلیف پارٹی کیخلاف حکومت سری لنکا کی برہمی
کولمبو ۔ 12 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کی اصل مسلم اقلیتی پارٹی جو حکمراں اتحاد کی اہم حلیف ہیں، پر آج حکومت نے شدید تنقید کی کیونکہ اس ماہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق قرارداد میں سری لنکا کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔ سری لنکا مسلم کانگریس لیڈر رؤف حکیم نے کابینی اجلاس میں وضاحت کی۔ اجلاس میں صدر مہیندا راجہ پکسے نے ان پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کی سربراہ نیوی پلائی کو انہوں نے ہی رپورٹ فراہم کی ہے اور مذہبی اقلیتوں کے خلاف حکومت کی عدم کارکردگی پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہاک کہ سری لنکا مسلم لیڈر نے اجتماعی ذمہ داریوں کے اصول کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے اس ملک سے غداری کی ہے۔ رؤف حکیم نے ان کی پارٹی پر حکومت کی برہمی کو غیر اہم قرار دیا۔