ماسکو، 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) روس کے صدر ولادیمیر پوٹن کی جانب سے غیر مقبول اقدامات کو نرم کرنے کے حالیہ وعدوں کے باوجود اتوار کو ملک بھر میں کئی ہزار لوگوں نے پنشن کی عمر کی حد بڑھانے کی سرکاری اسکیموں کے خلاف مظاہرہ کیا۔اس احتجاج سے لگتا ہے کہ پوٹن کی جانب سے بدھ کو ایک ٹیلی ویژن خطاب میں دی گئی رعایت کی پیشکش کے باوجود مجوزہ پالیسی حکومت کیلئے سیاسی طور پر حساس مسئلہ بنا ہوا ہے ۔ مسٹر پوٹن نے اپنی تقریر کے دوران پہلی بار بہتری کیلئے ذاتی ذمہ داری لی اور اسے مالی ضرورت کے طور پر بھی بیان کیا۔’وائٹ کاؤنٹر ‘نامی غیر سرکاری تنظیم کے مطابق صدارتی محل کریملن سے قریب ڈھائی کلومیٹر کے فاصلے پر نو ہزار لوگوں نے اس مظاہرہ میں حصہ لیا۔ ماسکو پولیس نے یہ تعداد چھ ہزار کے قریب بتائی۔ مظاہرہ میں حصہ لینے والے لوگ مرکزی آرگنائزر پارٹی کے پي آرایف لال جھنڈے اور بینرز کو اپنے ہاتھوں میں لئے ہوئے تھے ۔ماسکو پولیس کے مطابق پنشن اصلاحات کے خلاف ‘جسٹ رسیا پارٹی’کی جانب سے بھی الگ سے مظاہرے کئے گئے جس میں 1500 افراد نے شرکت کی۔