روس میں میانمار کے لئے 6جنگی طیاروں کی تیاری

یانگون ،26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) روس نے میانمار کے لئے 6 سکھوئ ایس یو -30 جنگی طیارے تیار کرنا شروع کر دیے ہیں ۔روسی میڈیا کے مطابق گزشتہ سال دونوں ممالک کے درمیان اس سودے کے تعلق سے معاہد ہ پر دستخط کئے گئے تھے ۔ روس اور میانمار نے 2018 میں چھ ایس یو -30 ایس ایم جنگی جیٹ طیاروں کی فراہمی کے لئے ایک معاہدے پر دستخط کئے تھے ۔ یہ سودا کم از کم 0.204 ارب ڈالر کا تھا۔ میانمار کے فوجی کمانڈر ان چیف سینئر جنرل من آنگ ھلانگ نے کہا‘‘ میانمار کے اہم مقامات میں اپنے فوجیوں کے لئے روسی فوج کا ہارڈ ویئر بہت مفید تھا۔ روز نامہ دی ایراویڈي کی رپورٹ کے مطابق کمانڈر ان چیف نے روس دورے سے قبل چین کا دورہ کیا اور بیجنگ میں ایک اسکول میں گئے جہاں بختر بند گاڑی کی تربیت دی جاتی ہے اور 11 اپریل کو چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے ) کے سینئر افسران سے ملاقات کی۔ میانمار فضائیہ (ایم اے ایف ) میں مگ -29 بی اور پی اے سی ، سی ائے سی جے ایف -17 تھنڈر ہیں۔ روس نے 2001 اور 2012 کے درمیان 31 مگ -29 کی فراہمی کی جس میں 6 نئے مگ -29 ایس ای ماڈل شامل ہیں۔ میانمار نے روس سے اب تک جو فوجی ہارڈ ویئر کی خریداری کی ان میں مگ -29 جنگی طیارے ، یاک -130 کمبیٹ ٹرینر، ایم آئی -17، ایم آئی -24 اور ایم آئی -35 جنگی ہیلی کاپٹر اور دیگر ہتھیار شامل ہیں۔سیکورٹی بلاگوں کے مطابق میانمار کے پاس 20 مگ -29 ڈی طیارے ہیں اور 2018 تک روس نے میانمار کے سکیورٹی فورس کو کل 12 یاک -130 جنگی تربیت طیارے دیئے ۔ چین میانمار کے لئے جنگی طیاروں کا اہم سپلائر رہا ہے ۔ اس نے 1990 کی دہائی کی شروعات میں چینگدو ایف -7 ایم اور نانچانگ اے -5 سی کی فراہمی کی ۔