روس شام میں فضائی کارروائی ختم کرے: اتحادی ممالک

طرابلس ۔ 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) شام میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے خلاف کارروائی میں مصروف امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک نے روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شام میں فوری طور پر اپنی فضائی بمباری کی مہم کو معطل کرے۔ امریکہ، برطانیہ، ترکی اور سعودی عرب کی جانب سے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی بمباری کی وجہ سے شام میں کشیدگی میں اضافہ ہوگا اور یہ انتہا پسندی کو پھیلانے کا سبب بنے گی۔ دوسری جانب شام کی صورتحال پر فرانس اور روس میں بات چیت ہونے والی ہے۔ امریکہ کی طرح فرانسیسی جیٹ طیارے شام میں دولت اسلامیہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن امریکہ کو خدشہ ہے کہ روس شام میں بشار الاسد کے مخالفین کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ روس کا کہنا ہے کہ وہ انھی عناصر کو نشانہ بنا رہا ہے جن کو امریکہ بھی نشانہ بنا رہا ہے۔ روسی پارلیمان کی خارجی امور کمیٹی کے سربرہ الیکسی پوشکوو نے کہا کہ اب تک امریکہ نے دولت اسلامیہ پر بمباری کرنے کا محظ ’ڈھونگ‘ کیا ہے اور ان کی فضائی مہم اس سے کئی گنا موثر ہوگی۔ شام میں حکومت مخالف گروہوں نے الزام لگایا ہے کہ روس اپنے اتحادی بشار الاسد کو بچانے کے لیے ان کو نشانہ بنا رہا ہے۔