روس سے روابط معاملہ پر ٹرمپ جونیر سے پوچھ گچھ

واشنگٹن۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے بڑے فرزند ڈونالڈ ٹرمپ جونیر سے 2016ء کے صدارتی انتخابات کے دوران انتخابی مہم ٹیم اور روس کے درمیان رابطہ کی تحقیقات کرنے والی ایک کانگریشنل ٹیم کی جانب سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ سینیٹ جوڈیشیری کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ 39 سالہ ٹرمپ جونیر نے تحقیقاتی پیانل کے روبرو پیش ہونے سے اتفاق کرلیا ہے تاہم یہ پوچھ گچھ بند کمرے میں ہوگی جس کیلئے اب تک کسی تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا۔ ٹرمپ جونیر نے علاوہ ازیں اس بات پر بھی رضامندی کا اظہار کیا ہے کہ کمیٹی کی جانب سے طلب کردہ دستاویزات کو بھی وہ پیش کریں گے ۔ کمیٹی کے صدرنشین ری پبلیکن چک گراسلی اور ڈیموکریٹ ڈائنا فائنٹائن نے ایک مشترکہ بیان میں یہ بات کہی۔

 

میزائل تجربہ امریکہ سے مقابلہ کیلئے کیا گیا : شمالی کوریا
سیئول۔30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا نے کہا ہے کہ اس نے جنوبی کوریا اور امریکہ کی جانب سے مشترکہ فوجی مشقوں کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنے لیڈر کم جونگ اُن کی قیادت میں ہواسانگ۔12 میزائل کا تجربہ کیا۔شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے نے کم جونگ اُن کے حوالے سے کہا ‘موجودہ بیلسٹک میزائل تجربہ بحرالکاہل اور گوام میں پہلی فوجی کارروائی ہے ۔شمالی کوریا نے اس مہینے کے ابتدا میں امریکی بحر الکاہل خطہ اور گوام میں چار ہواسانگ۔12 میزائل چھوڑنے کی دھمکی دی تھی۔ شمالی کوریا کی یہ دھمکی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد آئی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر شمالی کوریا امریکہ کو دھمکی دیتا ہے تو اسے اور زیادہ سنگین نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔