کیف۔ 8 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) روس حامی باغیوں کے ساتھ ہوئی ایک جھڑپ میں یوکرین کا ایک فوجی ہلاک اور دیگر 15 زخمی ہوگئے ۔ جھڑپوں کایہ سلسلہ گزشتہ 24 گھنٹوں سے جاری ہے جو برائے نام جنگ بندی کی بھی شدید خلاف ورزی کے مترادف ہے ۔ یوکرینی افواج نے یہ بات بتائی، جس کے مطابق ایک راکٹ حملہ میں نیم فوجی دستہ کا ایک فوجی تباہ شدہ ڈونٹیک بین الاقوامی طیران گاہ کے قریب ہلاک ہوا جہاں یوکرینی افواج کا باغی فوجیوں نے محاصرہ کر رکھا ہے جبکہ سرکاری تنصیبات پر مسلسل بمباری کی وجہ سے دیگر 15 فوجی شدید طورپر زخمی ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق ماہ اپریل سے جاری گھمسان کی لڑائی میں اب تک زائد از 4000 افراد جن میں اکثریت عام شہریوں کی ہے ، ہلاک ہوچکے ہیں۔ روس پر عالمی دباؤ کے باوجود کئی ماہ سے جاری بحران ہنوز برقرار ہے۔