ماسکو۔ 26 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) روس اور سعودی عرب نے کہا ہے کہ تیل کی پیداوار بڑھانے کے معاملے میں کوئی باہمی ڈیل ممکن ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اس طرح جولائی تک تیل پیدا کرنے والے یہ دو بڑے ممالک تیل کی پیداوار بڑھا دیں گے۔ عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ 2014 ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اس بلندی پر ہیں۔جمعے کے روز روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا تھا کہ اگر خام تیل کی موجودہ قیمت 80 ڈالر فی بیرل سے کم ہوکر 60 ڈالر فی بیرل تک آتی ہے، تو روس اس پر مطمئن ہو گا۔