روسی پارلیمنٹ ، یوکرین میں فوجی کارروائی کے حق سے دستبردار

ماسکو ۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) روسی پارلیمان کے ایوان بالا نے آج ووٹنگ کے ذریعے ملکی فورسز کو یوکرائن میں فوجی مداخلت کا حق دینے کا فیصلہ منسوخ کر دیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق محض ایک رکن نے اس قرارداد کے خلاف ووٹ دیا۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے گزشتہ روز پارلیمان کے ایوان بالا فیڈریشن کونسل میں ایک تجویز جمع کرائی تھی کہ وہ اپنی اْس قرارداد کو منسوخ کر دے جس میں روسی فوجوں کو یوکرائنی سر زمین پر کارروائی کرنے کا حق دیا گیا تھا۔ پارلیمان کی طرف سے ملکی فوج کو یہ حق رواں سال یکم مارچ کو تفویض کیا گیا تھا۔ ماسکو حکام کے مطابق اس فیصلے سے امن منصوبے کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔