ماسکو ۔ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شام کے ایک ایربیس سے ٹیک آف کرنے والا روسی لڑاکا طیارہ حادثہ کا شکار ہوگیا جس میں سوار دونوں پائلٹس ہلاک ہوگئے۔ وزارت دفاع کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان کو مختلف خبر رساں ایجنسیوں نے بھی توثیق کی۔ دوسری طرف جائے حادثہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق روسی لڑاکا طیارہ SV-30SM میمم ایئربیس سے اڑان بھرنے کے بعد بلندی پر پہنچ رہا تھا کہ اچانک حادثہ کا شکار ہوکر بحیرہ روم میں جاگرا۔ اس میں سوار دونوں پائلٹوں نے حالانکہ طیارہ کو آخری وقت تک بھی کنٹرول کرنے کی پوری کوشش کی لیکن وہ اسے تباہ ہونے سے نہیں بچا سکے اور خود بھی ہلاک ہوگئے۔ وزارت کے مطابق حادثہ کی وجہ ایک پرندے کا انجن میں گر جانا بتایا جارہا ہے۔ اس حادثہ کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔