روسی جٹ طیارے کی امریکی جنگی جہاز کے قریب اشتعال انگیز پرواز

واشنگٹن ۔ 14 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )روسی جنگی جٹ طیارے نے اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رومانیہ کے ساحل پر بحراحمر میں بین الاقوامی آبی حدود کے قریب تقریباً 90 منٹ تک امریکی بحریہ کے گائیڈیڈ میزائیل ڈسٹرائیر کے قریب سے پرواز کی ۔ پنٹگان نے آج یہ دعویٰ کیا اور بتایا کہ روسی جنگی طیارے کی کئی مرتبہ کوششوں کے پیش نظر پائلٹ سے یہ پوچھا گیا کہ آخر اُس کے کیا ارادے ہیں ؟ اُس کے علاوہ محفوظ فاصلے سے پرواز برقرار رکھنے کے لئے خبردار بھی کیا گیا لیکن روسی پائلٹ نے کوئی جواب نہیں دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ واقعہ کل پیش آیا اور توقع ہے کہ امریکہ اس کے خلاف روس سے احتجاج کرے گا ۔ پنٹگان نے اسے اشتعال انگیز اور روسی جنگی جٹ طیاروں کا غیرپیشہ وارانہ طرزعمل قرار دیا۔ پنٹگان کے ترجمان کرنل اسٹیو وارن نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ 12 اپریل کو روسی جٹ طیارے نے کئی مرتبہ امریکی بحریہ کے گائیڈیڈ میزائیل ڈسٹرائیر کے قریب سے پرواز کی ۔ انھوں نے کہاکہ کئی مرتبہ سوال کرنے اور خبردار کرنے کے باوجود کوئی جواب نہیں دیا گیا ۔ تاہم کوئی حادثہ پیش نہیں آیا۔