روس، ہندوستان کا سب سے قابل اعتماد دوست :راج ناتھ سنگھ

ماسکو۔ 29نومبر (سیاست ڈاٹ کام) روس کے سہ روزہ دورے پر متعدد روسی لیڈروں کے ساتھ اپنی بات چیت کے نتائج پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ روس ہندوستان کے سب سے قابل اعتماد دوست ممالک میں سے ایک ہے ۔ اپنے سہ روزہ دوے کے اختتام پر گزشتہ روز ماسکو میں ہندوستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ان کے دورے سے سکیورٹی، انسداد دہشت گردی، انسداد علاقائی تعصب، انسداد منشیات اسمگلنگ، جعلی کرنسی، معلومات کے تبادلے اور تربیتی مہارتوں کے شعبے میں ہندوستان اور روس کے مابین باہمی تعاون کو مضبوط بنانے میں ٹھوس نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ اپنی تقریر میں وزیر موصوف ہندوستان اور روس کے درمیان تعلقات کی بنیاد اور دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے مضبوط دوستی میں تبدیلی ہونے کی طویل تاریخ کا ذکر کیا ۔انہوں نے روس میں مقیم یا زیر ملازمت ہر ہندوستانی شہری کو ہندوستان کا ‘ثقافتی سفیر’قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور ان شہریوں کے درمیان فاصلے طویل ہوسکتے ہیں، لیکن اس میں جذبات کی دوری قطعی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور نسلی تعصب آج کی دنیا کو درپیش دو بڑے خطرات ہیں۔