روزگار کی فراہمی میں مودی حکومت مکمل طور پر ناکام

نئی دہلی 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے صدارتی خطاب میں مودی حکومت کی کامیابیوں کے تذکرہ کی آج مذمت کی اور الزام عائد کیاکہ وہ (مودی حکومت) بالخصوص روزگار کی فراہمی کے محاذ پر بُری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ پارلیمانی بجٹ سیشن کے پہلے دن صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کے روایتی خطاب کے بعد پارلیمنٹ کے باہر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راہول نے کہاکہ ’’ہندوستان میں آج سب سے اہم سوال نوجوانوں کیلئے روزگار کی فراہمی کا ہے‘‘۔ کانگریس نائب صدر راہول گاندھی جو اسمبلی انتخابات کا سامنا کرنے والی ریاستوں میں اپنی پارٹی مہم میں سرگرم ہیں کہا کہ روزگار کی فراہمی میں حکومت مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔ یہ میرا نقطہ نظر ہے‘‘۔

 

سماجوادی پارٹی لیڈر کی نعش دستیاب
گریٹر نویڈا۔/31جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) علاقہ سورج پور میںآج سماجوادی پارٹی لیڈر کی نعش ایک درخت سے لٹکی ہوئی پائی گئی جبکہ متوفی کے رشتہ داروں اور حامیوں نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ان کا قتل کیا گیا ہے۔ سابق ریاستی سکریٹری سماجوادی پارٹی یوتھ ونگ سنجے ناگرکے جیب سے ایک چٹھی برآمد ہوئی ہے جس میں پارٹی کے سینئر لیڈروں سے ان کے بچوں کی دیکھ بھال کی گذارش کی گئی ہے۔ اسٹیشن ہاؤز آفیسر انجو کمار نے بتایا کہ تین دن قبل سنجے نے ایک واقعہ میں تاجرین کے ساتھ بحث و تکرار کرلی تھی۔