روزگار کو بنیادی حق بنانے کا مطالبہ مسترد

نئی دہلی 29ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) راجیہ سبھا میں آج روزگار کو بنیادی حقوق میں شامل کرنے اور بے روزگاروں کو لازمی طورپر بھتہ دینے کا مطالبہ کیا گیا، جس پر حکومت پشیمانی سے بال بال بچ گئی اور ایوان بالا میں اِسے محض تین ووٹ کے فرق سے مسترد کردیا گیا۔ خانگی رکن کے بل کو 18 تائیدی ووٹ حاصل ہوئے اور اِس کے خلاف 21 ووٹ ڈالے گئے، جب اِس بل پر بحث ہوئی ایوان میں تقریباً 40 ارکان حاضر تھے۔ راجیہ سبھا میں موجودہ طور پر 245 ارکان ہیں۔قبل ازیں سماج وادی پارٹی کے وشمبھر پرساد نشاد نے ایوان میں اس ضمن میں ایک پرائیوٹ بل پر بحث شروع کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں بے روزگاروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ا س سے سماج میں غربت بڑھ رہی ہے اور سماجی تصادم میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگار عام طورپر صحیح راستے سے بھٹک جاتے ہیں اورمجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہوجاتے ہیں۔