حیدرآباد۔/13جون، ( سیاست نیوز ) ملٹی نیشنل کمپنیوں میں ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپئے ہڑپنے والی دھوکہ بازوں کی ٹولی کو کمشنر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 28 سالہ محمد علی ساکن جہاں نما فلک نما اپنے دیگر 6 ساتھیوں کی مدد سے ملٹی نیشنل کمپنیوں میں ملازمت فراہم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے تقریباً 70 بے روزگار نوجوانوں سے 50 لاکھ روپئے حاصل کرلئے اور انہیں فرضی تقرر نامے بھی حوالے کئے۔ پولیس نے بتایا کہ محمد علی اپنے دیگر ساتھیوں محمد فردوس، سید صدیق، ریشماں عرف نیہا، نریش کمار بھنڈاری، محمد امان احمد اور سید افروز علی کی مدد سے بیروزگار نوجوانوں کو ویپرو، امیزون، آئی بی ایم اور دیگر مشہور سافٹ ویر کمپنیوں میں ملازمت فراہم کرنے کے بہانے اور دھوکہ دہی کے ارادہ سے فرضی کنسلٹنسی قائم کی جس کے ذریعہ بے روزگار نوجوانوں کو راغب کرتے ہوئے ان سے فی کس 70 تا80 ہزار روپئے حاصل کرلئے۔ اتنا ہی نہیں دھوکہ بازوں نے فرضی پے ٹی ایم سافٹ ویر کے ذریعہ کئی سوپر مارکٹس میں شاپنگ کرتے ہوئے دھوکہ دہی میں ملوث ہوگئے۔ ٹاسک فورس نے گرفتار ملزمین کے قبضہ سے فرضی تقرر نامے، 10 موبائیل فونس، نقد رقم اور دیگر اشیاء برآمد کئے۔