روزنامہ سیاست کی 12 فیصد تحفظات تحریک کی حمایت و تائید

تحفظات مسلمانوں کی پسماندگی کے خاتمہ کا واحد حل ، تلگو دیشم قائد فیروز خاں کا بیان
حیدرآباد۔ 21۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلگو دیشم قائد محمد فیروز خاں نے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات پر عمل آوری کیلئے روزنامہ سیاست کی جانب سے شروع کی گئی مسلم امپاورمنٹ تحریک کی تائید کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی تعلیمی اور معاشی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے تحفظات کی فراہمی واحد حل ہے اور ٹی آر ایس حکومت کو انتخابی منشور میں کئے گئے وعدہ پر عمل آوری کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ محمد فیروز خاں جنہوں نے حلقہ اسمبلی نامپلی سے اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا تھا ، مزید کہا کہ وہ مسلم تحفظات کے لئے روزنامہ سیاست کی مہم میں مکمل تعاون کریں گے اور شہر میں تلگو دیشم کے اقلیتی قائدین اور کارکن تحفظات کے حق میں حکومت کے عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کو یادداشت پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سچر کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں مسلمانوں کی صورتحال کو دلتوں سے ابتر قرار دیا ہے۔ حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ تعلیم اور روزگار میں مسلمانوں کو مناسب حصہ داری فراہم کرتے ہوئے ان کی ترقی کو یقینی بنائے۔ فیروز خاں نے کہا کہ روزنامہ سیاست کی مہم وقت کی اہم ضرورت ہے اور تلنگانہ کے اقلیتوں کی آواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تحریک کی تمام سیاسی ، سماجی اور مذہبی تنظیموں کو تائید کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل چندر شیکھر راؤ نے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کا وعدہ کیا تھا ۔ اقتدار کے 4 ماہ میں انہوں نے ٹاملناڈو کی طرز پر قانون سازی کا تیقن دیا تھا لیکن حکومت کے 16 ماہ گزرنے کے باوجود آج تک اس سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی تعلیمی معاشی اور سماجی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے کمیشن آف انکوائری کا قیام محض تحفظات کو ٹالنے کی کوشش ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ بیاک ورڈ کلاسس کمیشن قائم کرے اور اس کی سفارشات حاصل کرتے ہوئے مسلمانوں کو تحفظات فراہم کریں۔ فیروز خاں نے کہا کہ تلنگانہ میں ایک لاکھ مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے مرحلہ میں 12 فیصد تحفظات پر عمل آوری ضروری ہے۔