روزنامہ سیاست کی نیوز کا اثر درگاہ حضرت حسین شاہ ولیؒ کے تحت منی کونڈہ وقف اراضی مقدمہ کی سپریم کورٹ میں سماعت

صدر نشین وقف بورڈ الحاج محمد سلیم کا لیگل ڈپارٹمنٹ کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد۔/28 اپریل، ( سیاست نیوز) درگاہ حضرت حسین شاہ ولیؒ کے تحت منی کونڈہ میں واقع اوقافی اراضی سے متعلق سپریم کورٹ میں مجوزہ سماعت کے بارے میں وقف بورڈ کے لیگل ڈپارٹمنٹ کی عدم دلچسپی سے متعلق روز نامہ ’سیاست‘ میں خبر کی اشاعت کے بعد صدرنشین محمد سلیم نے کل 29اپریل کو ماہرین قانون اور لینکو ہلز مقدمہ سے منسلک وکلاء اور اسٹینڈنگ کونسلس کا اجلاس طلب کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مئی کے پہلے ہفتہ میں سپریم کورٹ میں اس مقدمہ کی سماعت کا امکان ہے لیکن ابھی تک وقف بورڈ کی جانب سے سپریم کورٹ کے وکلاء سے اس مسئلہ پر کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔ اگر وقف بورڈ اس سلسلہ میں دلچسپی نہیں لے گا تو 1650 ایکر قیمتی اراضی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے چیف ایکزیکیٹو آفیسر ایم اے منان فاروقی کو ہدایت دی کہ اسٹینڈنگ کونسلس کا اجلاس کل طلب کیا جائے۔ اس اجلاس میں سپریم کورٹ کے وکلاء سے قانونی اعانت کرنے والے حیدرآباد کے سینئر ایڈوکیٹ کو بھی مدعو کیا گیا جو ہر سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ میں موجود رہتے ہیں۔ اسٹینڈنگ کونسلس کے اجلاس میں سپریم کورٹ کے وکلاء کو فیس کی ادائیگی کا مسئلہ بھی زیر غور آسکتا ہے۔ وقف بورڈ نے اب تک جو رقم ادا کی ہے اس کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔ صدرنشین اور چیف ایکزیکیٹو آفیسر نے مقدمات کی مؤثر پیروی میں لیگل ڈپارٹمنٹ کی ناکامی پر تشویش کا اظہار کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وقف بورڈ نئے اسٹینڈنگ کونسلس کے تقرر پر بھی غور کررہا ہے۔ لینکو ہلز کے علاوہ عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ کی اراضی اور عدالتوں میں جاری تنازعہ کے بارے میں روز نامہ ’ سیاست‘ نے رپورٹ شائع کی تھی جس پر وقف بورڈ کے صدرنشین نے فوری کارروائی کی۔