ریاض کے حیدرآبادی احباب و سیاست کے دینی کوپن کی قرعہ اندازی ، جناب عامر علی خاں و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : برادران اسلام میں دینی جذبہ پیدا کرنے اور انہیں دینی علم میں پختگی پیدا کرنے کے خیال سے ریاض سعودی عرب میں مقیم حیدرآباد کرم فرماؤں اور ادارہ سیاست کے مشترکہ زیر اہتمام ہر سال کی طرح امسال بھی قرآنی آیات پر مبنی سوالات کے کوپنوں کا اعلان کیا گیا تھا جس میں سینکڑوں مسلمانوں نے حصہ لیا اور اپنی دینی معلومات کا والہانہ ثبوت دیا ہے ۔ کوپنوں کا کافی باریکی سے جائزہ لینے کے بعد قرعہ اندازی کے ذریعہ انعامات کے اعلان کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ ان کوپنوں کی قرعہ اندازی کی تقریب آج سینکڑوں افراد کی موجودگی میں محبوب حسین جگر ہال واقع احاطہ روزنامہ سیاست عابڈس میں جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے ہاتھوں عمل میں آئی ۔ اس موقع پر مولانا زبیر ہاشمی استاذ جامعہ نظامیہ بحیثیت مہمان خصوصی ، جنرل منیجر روزنامہ سیاست جناب میر شجاعت علی کے علاوہ دیگر علماء کرام اور کوپن داروں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ اس موقع پر جناب عامر علی خاں نے خطاب کرتے ہوئے شرکاء محفل کو مشورہ دیا کہ وہ روزمرہ مصروفیت جس طرح جاری رکھی جاتی ہے اسی طرح کچھ وقت نماز و اذکار کے لیے نکالیں تو آخرت میں نجات کا ذریعہ بنے گا ۔ نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے اپنے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کی تلاوت کو مسلسل جاری رکھیں جس کے ذریعہ دنیا و آخرت میں بہت سارے فائدوں سے فیض یاب ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کی تلاوت کو پابندی کے ساتھ اپنے اوپر لازم کرلیں اور دوسروں کو بھی اس کی پابندی کرنے کی تلقین کریں ۔ بعد ازاں مولانا زبیر ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے ماہ رمضان المبارک کے دوران قرآنی سوالات کے کوپن مقابلہ میں حصہ لینے والے سیاست کے قائدین کے جذبہ کی ستائش کی اور مبارکباد پیش کیا ۔ مولانا نے کہا کہ اس مقابلہ سے کوپن دار کو انعام ملے نہ ملے لیکن اللہ کے پاس ان کو اجر یقینی ہے ۔ مولانا زبیر ہاشمی نے ادارہ سیاست کے اس اقدام کی سراہنا کی اور کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران شائع ہونے والے 29 یا 30 کوپنوں کے ذریعہ عوام تک اللہ تعالیٰ کا پیغام پہونچانے کی ایک کامیاب کوشش ہے۔ انہوں نے قارئین سیاست کو مشورہ دیا کہ وہ ادارہ سیاست کی جانب سے مختلف شعبہ حیات میں انجام دی جانے والی خدمات سے بھر پور استفادہ کریں کیوں کہ ادارہ سیاست عوام میں مختلف شعبہ حیات میں شعور بیداری کے لیے اس طرح کے پروگرامس کو منظم انداز میں پیش کرنے کا اہتمام کیا ہے ۔ جس سے لاکھوں افراد نے استفادہ کیا اور استفادہ کررہے ہیں ۔ قبل ازیں حافظ صابر پاشاہ کی قرات کلام پاک سے تقریب کا آغاز ہوا ۔ جناب میر رضا علی شاہ قادری نے نعت شریف پیش کرنے کی سعادت حاصل کی جب کہ نظامت کے فرائض مولانا نور الہدیٰ نے بحسن و خوبی انجام دئیے ۔ اس تقریب میں دینی جذبہ رکھنے والے اور کوپن داروں کی کثیر تعداد کے علاوہ جناب میر شجاعت علی جنرل منیجر روزنامہ سیاست اور ادارہ سیاست کا اسٹاف بھی موجود تھا ۔۔