روحانی نے دوسری صدارتی میعاد کیلئے جائزہ حاصل کرلیا

تہران۔/5اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) ایران کے صدر حسن روحانی نے نیو کلیئر معاہدہ کی کسی بھی خلاف ورزی کے ضمن میں امریکہ کو آج انتباہ دیا۔ وہ آج اپنی دوسری صدارتی میعاد کا جائزہ لینے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے دو دن قبل انھیں اس عہدہ کا حلف دلایا تھا۔ جائزہ لینے کی تقریب میں ایران کے چند دیرینہ دوست ممالک کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ان میں زمبابوے کے صدر 93 سالہ رابرٹ موگابے بھی شامل ہیں۔ ایران سے قریبی تعلقات کے الزام پر سعودی عرب اور اس کے حلیفوں سے الگ تھلگ ہونے والے ملک قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی حیرت انگیز طور پر اس تقریب سے غیر حاضر رہے۔ اگرچہ انہوں نے 2013 میں صدر روحانی کی جائزہ تقریب میں شرکت کی تھی ۔ حسن روحانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’ ایران اپنے طور پر نیو کلیئر معاہدہ کی خلاف ورزی نہیں کر یگا لیکن امریکہ اگر اپنے وعدوں کا احترام کرنے میں ناکام ہوجاتا ہے تو وہ ( ایران ) خاموش نہیں بیٹھے گا۔‘‘