روحانی رہنما ایران کے مشیر کا دورہ حیدرآباد

آغا علی اکبر ناطق نوری کی امام خمینی کی برسی میں شرکت
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل حیدرآباد کی دعوت پر اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے سابق اسپیکر اور اسلامی جمہوریہ ایران کے روحانی رہنما کے موجودہ مشیر حجتہ الاسلام آغا علی اکبر ناطق نوری 31 مئی تا 2 جون حیدرآباد کا دورہ کریں گے ۔ ان کے ساتھ ایران کے سفیر متعینہ نئی دہلی غلام رضا انصاری ہونگے ۔ حیدرآباد میں مسٹر ناطق نوری تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے چیف منسٹرس سے ملاقات کریں گے اور اسلامی انقلاب کے قائد و اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی کی 26 ویں برسی کے سلسلہ میں آل انڈیا مجلس علمائے ذاکرین کے زیر اہتمام 31 مئی کو بیت القائم پرانی حویلی میں منعقد ہونے والے پروگرام میں شرکت کریں گے اور یکم جون کو اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصلیٹ جنرل حیدرآباد میں ایک اجتماع سے مخاطب کریں گے ۔ وہ یہاں سیاحتی مقامات جیسے چارمینار ، مکہ مسجد ، سالار جنگ میوزیم ، چومحلہ پیالیس کا بھی دورہ کریں گے ۔ یہ ان کا اس شہر کا دوسرا دورہ ہے جب کہ اس تاریخی اور تہذیبی شہر کا پہلا دورہ انہوں نے نومبر 1996 میں کیا تھا ۔