روبوٹک ورکشاپ میں شریک اقامتی اسکولس کے طلبہ کو ایوارڈس

فارغ طلبہ سماج کیلئے اثاثہ، اے کے خان کا مفخم جاہ کالج میں خطاب

حیدرآباد۔/25مارچ، ( سیاست نیوز) حکومت کے مشیر برائے اقلیتی اُمور اے کے خاں نے اقلیتی اقامتی اسکولس کے بہتر مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں ایوارڈز تقسیم کئے۔ مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی بنجارہ ہلز میں یہ تقریب منعقد ہوئی جس میں اقامتی اسکولس کے ساتویں جماعت کے ایسے طلبہ جنہوں نے روبوٹک ورکشاپ میں حصہ لیا تھا انہیں ایوارڈ اور سرٹیفکیٹس پیش کئے گئے۔ مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے طلبہ کو بھی سپاسنامہ حوالے کیا گیا۔ اس تقریب میں اقلیتی اقامتی اسکولس کے پرنسپالس، اسٹاف اور اقامتی اسکولس سوسائٹی کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ سکریٹری سلطان العلوم ایجوکیشنل سوسائٹی ظفر جاوید نے خیرمقدم کیا اور حکومت کی جانب سے اقامتی اسکولس کے آغاز کی ستائش کی۔ انہوں نے اے کے خاں کو اقلیتی اُمور کا مشیر مقرر کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ اے کے خاں نے اپنی صدارتی تقریر میں اقلیتوں کیلئے 202 اقامتی اسکولس کے قیام پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا اور امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں ان اسکولوں سے فارغ طلبہ سماج کیلئے اثاثہ ثابت ہوں گے۔ اے کے خاں نے کہا کہ چیف منسٹر کی شخصی دلچسپی کے باعث اقلیتی بہبود کی تمام اسکیمات کامیابی سے جاری ہیں۔ انہوں نے بعد میں طلبہ کے پریزنٹیشن کا مشاہدہ کیا۔ ڈاکٹر سید فرحت اللہ حسینی ڈین کالج نے شکریہ ادا کیا۔ اس تقریب میں سلطان العلوم ایجوکیشنل سوسائٹی کے رکن اکبر علی خان اور دوسرے شریک تھے۔