حیدرآباد 4جون (سیاست ڈاٹ کام )گریٹر حیدرآبادمیونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی )کی جانب سے اب شہر حیدرآباد میں روایتی ٹار یعنی ڈامبر اور سمنٹ کی سڑکوں کے بجائے پلاسٹک کی سڑکیں بچھائی جارہی ہیں جس پر شہریوں نے مسرت کا اظہار کیا۔عصری ٹکنالوجی اور طریقہ کار سے یہ سڑکیں بچھانے کا کام کیا جارہا ہے ۔اس طرح اب شہر میں بتدریج روایتی سڑکوں کے بجائے پلاسٹک سے تعمیر کردہ سڑکیں لے لیں گی ۔روایتی سڑکوں کے برخلاف ان سڑکوں کی تعمیر کے اخراجات میں بھی کمی آتی ہے ۔اسی لئے ان سڑکوں کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔تلنگانہ کے وزیر بلدی نظم ونسق کے ٹی راما راو اور مئیر گریٹر حیدرآبادمیونسپل کارپوریشن بی رام موہن نے مختلف ممالک میں عصری ٹکنالوجی سے تعمیر کی گئی ان پلاسٹک کی سڑکوں کا تجزیہ کیا اور روایتی سڑکوں کے بجائے ان سڑکوں کو بچھانے کے کاموں پرتوجہ دی ۔ اس طرح اب شہر میں پلاسٹک کی سڑکوں کو بچھانے کے لئے بڑے پیمانہ پر منصوبے تیار کئے جارہے ہیں۔ناگول برج پر پلاسٹک کی سڑک بچھائی گئی ہے جس پر 11لاکھ روپئے کے اخراجات عائد ہوئے ہیں جو روایتی سڑکیں بچھانے کے لئے ہونے والے اخراجات سے کافی کم ہیں۔گریٹر حیدرآبادمیونسپل کارپوریشن کا ماننا ہے کہ روایتی سڑکوں کے برخلاف ان سڑکوں کی مرمت کے اخراجات میں بھی کمی ہوتی ہے ۔ اس طرح مضرت رساں پلاسٹک کو استعمال کرتے ہوئے سڑکوں کو بچھایاجارہا ہے جس سے ماحولیات کا تحفظ بھی ممکن ہے ۔