رواں سال 21 عازمین حج جاں بحق

طبی سہولیات کی فراہمی اور مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ میں ہاسپٹلس کا قیام
نئی دہلی ۔ 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں رواں سال حج کے موسم میں اب تک 21 ہندوستانی عازمین جاں بحق ہوگئے۔ ان میں 20 کی طبعی موت واقع ہوئی جبکہ ایک عازم سڑک حادثہ میں جاں بحق ہوگئے۔ وزارت امورخارجہ نے بتایا کہ 19 عازمین حج کی قلب پر حملہ کے باعث موت واقع ہوئی جبکہ ایک شخص کی تنفسی عارضہ کے سبب موت ہوئی تھی۔ حج 2015ء کے دوران اب تک جملہ 21 عازمین حج جاں بحق ہوگئے۔ وزارت امورخارجہ نے ایک بیان میں بتایا کہ ہندوستان سے روانہ ہورہے عازمین میں 40 فیصد کی عمر 60 سال سے زائد ہے جبکہ 13.5 فیصد کی عمر 70 سال سے زائد ہے۔ وزارت امورخارجہ اور قونصل جنرل ہند نے عازمین حج کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں۔ توقع ہیکہ ہندوستان سے 1,36,020 عازمین جاریہ سال فریضہ حج ادا کریں گے۔ ان میں 1,00,020 عازمین حج کمیٹی آف انڈیا کے توسط سے اس مقدس سفر پر روانہ ہورہے ہیں۔ مابقی 36 ہزار عازمین خانگی ٹور آپریٹرس کے ذریعہ حج ادا کریں گے۔ وزارت امورخارجہ نے بتایا کہ مکہ مکرمہ میں 40 بستر کا دواخانہ قائم کیا گیا ہے۔ عزیزیہ میں یہ دواخانہ واقع ہے جبکہ مدینہ منورہ میں 10 بستر کا ہاسپٹل قائم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مکہ مکرمہ میں 13 اور مدینہ منورہ میں 5 ڈسپنسریز بھی قائم کئے گئے ہیں جہاں 24 گھنٹے خدمات فراہم ہیں اور یہ عازمین کی رہائش گاہوں سے کافی قریب واقع ہے۔ وزارت نے ان ہاسپٹلس اور ڈسپنسریز کے لئے 2 کروڑ روپئے مالیتی ادویات روانہ کئے ہیں اور یہ عازمین حج کو مفت فراہم کی جارہی ہیں۔ اس کے علاوہ 134 ڈاکٹرس اور 145 پیرا میڈیکل اسٹاف کی خدمات بھی حاصل ہیں۔ حج کے دوران طبعی طور پر موت کے واقعات عام ہیں۔ سال 2009 تا2012 ء حج کے دوران سالانہ 250 تا 300 اموات طبعی طور پر ہوئی تھی۔ حج 2013ء میں یہ تعداد کم ہوکر 177 اور 2014ء میں 152 ہوگئی۔ اسی طرح ہندوستان کے مجموعی کوٹہ میں بھی 20 فیصد کی کمی ہوگئی ہے۔