رواں سال اقتصادی نشانہ پورا کرنے وزیرفینانس کا عزم

نئی دہلی ۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیرفینانس ارون جیٹلی نے آج اس عزم کا اظہار کیا کہ جاریہ سال مالیاتی نشانہ کو حاصل کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی اور توقع ہیکہ مینوفکچرنگ شعبہ بھی بہترین ترقی کرے گا۔ اگرچیکہ صنعتی پیداوار میں سست روی کے باعث مالیاتی چیلنجس پیدا ہوئے ہیں لیکن اب تبدیلی کا وقت آ گیا ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہیکہ ہم مالیاتی نشانوں کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ حکومت نے جاریہ سال کیلئے اندرون ملک مجموعی پیداوار کا 4.1 فیصد مالیاتی نشانہ مقرر کیا ہے۔ ہماری کرنسی دنیا کی دو کرنسیوں میں سے ایک ہے کہ وہ امریکی ڈالر کے مقابلہ میں مضبوطی سے مقابلہ کررہی ہے جبکہ دنیا کی دیگر کرنسیوں کو شدید دباؤ کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران ہم کو یہ عظیم تجربہ ملا ہیکہ ہماری کرنسی نے استحکام حاصل کرلیا ہے۔ وزیرفینانس نے کہا کہ گذشتہ چند دنوں کے دوران ہندوستان کے ساتھ ہر شعبہ میں بہتری کی علامتیں ظاہر ہورہی ہیں۔

گذشتہ دو تین سال کے دوران جو سست روی دیکھی گئی تو اس میں اچانک بہتری دکھائی دے رہی ہے۔ ہماری پیداوار کی شرح میں توقع ہیکہ اضافہ ہوگا۔ دوسری جانب مسابقتی معاشی طاقتوں کے سامنے بھی ہندوستان نے بہترین مظاہرہ کیا جبکہ برازیل کو سنگین چیلنجس کا سامنا ہے۔ جنوبی افریقہ بھی سست روی کا شکار ہے۔ یوروپ ہند ۔ سست روی یا کساد بازاری کے صدمہ سے باہر نہیں آ سکا۔ چین کی پیداوار گذشتہ 3 دہوں کے دوران 9 فیصد کے نشانہ پر چل رہی تھی اب اس میں معمول کا رجحان پایا جاتا ہے۔ جاریہ مالیاتی خسارہ پر وزیرفینانس ارون جیٹلی نے کہا کہ اس میںآگے چل کر مزید بہتری کی امید کی جاسکتی ہے۔ سونے کی طلب اور درآمدات میں اضافہ سے بھی جولائی۔ ستمبر کے دوران بہترین تجارت دیکھی گئی ہے۔ وزیراعظم نریندرمودی اور میں نے ساری دنیا میں سرمایہ کاری کو ترعیب دینے کی پرزور کوشش کی ہے۔ اس سلسلہ میں مزید مساعی جاری ہے۔ اس موضوع کو کل ہی وزیراعظم نریندر مودی اور صدر امریکہ اوباما کے ساتھ تمام کمپنیوں کے سی ای اوز نے ملاقات کرکے اٹھایا تھا۔ انہوں نے ٹیکس کی چوری کرنے والوں اورٹیکس ادا نہ کرنے والوں کو بھی سخت وارننگ دی ہے۔