رواداری کے کلچر کا تحفظ دستوری فرض : نقوی

ممبئی ۔ 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ رواداری ہندوستان کا کلچر اور عہد ہے اور اس کا تحفظ کرنا ہماری دستوری ذمہ داری ہے۔ وزیرموصوف یہاں ایک ایونٹ سے مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی نوعیت کا تشدد اور نراج ایک سازش ہے کہ ملک کی سماجی ہم آہنگی کے تانے بانے اور ہندوستان کی کثرت میں وحدت کی طاقت کو کمزور کردیا جائے۔ ہماری حکومت کوئی تخریبی ایجنڈہ کو چلانے کی اجازت نہیں دے گی، جو ہمارے ترقیاتی ایجنڈہ کو ماند کرنے کیلئے چلایا جائے۔ ان کے ریمارکس کنڑ جرنلسٹ و جہدکار گوری لنکیش کے قتل پر غم و غصہ کی لہر کے پس منظر میں سامنے آئے ہیں۔ گوری کو بایاں بازو کی طرف ان کے جھکاؤ اور ہندوتوا کی سیاست کے بارے میں ان کے بے باکانہ خیالات کیلئے جانا جاتا تھا۔ انہیں منگل کی رات بنگلورو کے راج راجیشوری نگر میں ان کی قیامگاہ کے باب الداخلہ پر نامعلوم حملہ آوروں نے ہلاک کردیا۔ نقوی نے کہا کہ سماج کے غریب اور کمزور تر طبقات کا ملک کے وسائل پر اولین حق ہے اور نریندر مودی حکومت سماج کے ہر طبقہ کی ترقی کیلئے پابند عہد ہے۔ وہ وزارت پارلیمانی امور اور کنٹینر کارپوریشن آف انڈیا کے زیراہتمام باندرہ ریلوے اسٹیشن میں مشترکہ طور پر منعقدہ ’نیا ہندوستان تعمیر کرنے ہمارا عہد‘ کے موضوع پر تصویری نمائش و ثقافتی ایونٹ کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کثرت میں وحدت نے دنیا بھر میں ہندوستان کیلئے خاص درجہ اور احترام پیدا کیا ہے۔ ہندوستان اظہارخیال کی آزادی کو یقینی بنانے کے معاملہ میں کئی بڑی جمہوریتوں سے آگے ہے۔ ہندوستان کی تحریک آزادی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے یہ ایگزیبیشن ملک بھر کے 39 مقامات پر منعقد کی جارہی ہے۔
گوری کیس : کرناٹک جامع تحقیقات کریگا
دریں اثناء اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج کرناٹک کے سی وینو گوپال نے آج کہا کہ کانگریس ہائی کمان نے گوری لنکیش کے قتل کی جامع تحقیقات کرانے کیلئے پارٹی زیرقیادت حکومت کرناٹک کو ہدایت دی ہے۔ کوچی میں وینو گوپال نے بتایا کہ انہوں نے صدر کانگریس سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی کا یہ پیام چیف منسٹر سدارامیا کو پہنچایا دیا ہے۔