رنجن گوگوئی کو ’’کلین چٹ ‘‘ دینے کیخلاف سپریم کورٹ کے روبرو احتجاج

نئی دہلی۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ کے روبرو 55 افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا جن میں زیادہ تر قانون داں شامل ہے۔ پولیس نے احتجاج کرنے والوں کو حراست میں لے لیا۔ یہ لوگ چیف جسٹس رنجن گوگوئی کے خلاف جنسی ہراسانی کیس میں اختیار کردہ طریقہ کار کے خلاف احتجاج کررہے ہے۔ گوگوئی کو دوشنبہ کو ملک کی سب سے بڑی عدالت کی جانب سے قائم کردہ داخلی تحقیقاتی کمیٹی نے الزامات منسوبہ سے برات دے دی تھی۔ سپریم کورٹ کی ایک سابق خاتون ملازمہ نے جنسی ہراسانی کی شکایت کی تھی۔ کئی خواتین، قانون داں اور جہدکار، ہاتھوں میں پرچم اٹھائے سپریم کورٹ کے باہر نعرے لگا رہے تھے کہ انہیں گوگوئی کو کلین چٹ دیئے جانے پر اعتراض ہے۔ ان کے ہاتھوں میں جو پرچم تھے، ان پر لکھا ہوا تھا کہ کوئی کلین چٹ نہیں، قانون کی برتری کو برقرار رکھا جائے۔ آپ چاہیں کتنے بھی بلند مرتبے پر فائز ہوں، قانون سے بلند نہیں ہوسکتے۔ سپریم کورٹ کی قائم کردہ سہ رکنی کمیٹی نے اس واقعہ کی تحقیقات 14 دن میں مکمل کرلیا۔ شکایت کنندہ خاتون نے کہا کہ کلین چٹ دے کر عورتوں کے ساتھ بدترین ناانصافی کی گئی ہے اور یہ اندیشے سچ ثابت ہوئی کہ سپریم کورٹ میں بھی انصاف نہیں ہوتا۔