ممبئی 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ کے نوجوان اداکار کی والدہ اور اپنے وقت کی مشہور ہیروئن نیتو سنگھ (کپور) آج کل باندرہ میں اپنے بیٹے کی جانب سے خریدے گئے وسیع و عریض فلیٹ میں رنگ و روغن اور دیگر سجاوٹوں میں مصروف ہیں۔ ریتک روشن سے علیحدگی اختیار کرنے والی اُن کی بیوی سوزین ایک انٹیرئیر ڈیزائنر بھی ہیں، آج کل اُن کا زیادہ وقت نیتو سنگھ کے ساتھ گزر رہا ہے جبکہ رشی کپور شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ اس مصروفیت سے ایک بات تو طے سمجھی جارہی ہے کہ کیٹرینہ کیف، کپور خاندان کی بہو بننے والی ہیں۔
ویسے بھی آنجہانی راج کپور نے اپنے لئے آنجہانی اداکار پریم ناتھ اور راجندر ناتھ کی بہن کرشنا کو منتخب کیا اور اُنھیں کرشنا کپور بنادیا جو خود فلموں میں کام نہیں کرتی تھیں اور آج بھی کپور خاندان کا اہم ستون تصور کی جاتی ہیں جبکہ شمی کپور نے پہلی شادی اداکارہ گیتا بالی سے کی تھی۔ ششی کپور نے برطانوی اداکارہ جنیفر سے شادی کی۔ اسی طرح رندھیر کپور نے اداکارہ ببیتا اور رشی کپور نے اداکارہ نیتو سنگھ سے شادی کی لہذا اس روایت کو قائم رکھتے ہوئے رنبیر کپور بھی فلمی اداکارہ سے ہی شادی کرنے والے ہیں۔