رمیش رنگاناتھن ہائیکورٹ کے کارگذار چیف جسٹس مقرر

حیدرآباد ۔ یکم / اگست (سیاست نیوز)  حیدرآباد ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس رمیش رنگاناتھن کو کارگزار چیف جسٹس مقرر کیا گیا ۔ موجودہ کارگزار چیف جسٹس بابا صاحب بھوسلے اپنے عہدہ سے سبکدوش ہونے پر جسٹس رمیش رنگاناتھن کا نام اس عہدہ کیلئے تجویز کیا گیا تھا اور صدرجمہوریہ نے احکامات پر آج شام دستخط کئے جس کے نتیجہ میں نئے کارگزار چیف جسٹس کا تقرر عمل میں آیا ۔ حیدرآباد ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس رمیش رنگاناتھن /28 جولائی 1958 ء میں نئی دہلی میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے 1977 ء میں گریجویشن کی تعلیم حاصل کی ۔ بعد ازاں کامرس میں 1981 ء میں پوسٹ گریجویشن کیا اور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ بھی بنے ۔  انہوں نے بنگلور یونیورسٹی سے ماہر قانون کی ڈگری حاصل کی اور 1985 ء میں آندھراپردیش ہائیکورٹ میں وکیل کی حیثیت سے اپنی پریکٹس کا آغاز کیا اور سال 1996 ء سے 2000 ء تک وہ گورنمنٹ لیڈر تھے ۔ سال 2000 ء سے مئی 2004 ء تک انہوں نے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی ۔