رمضان کے فیوض و برکات کا فیضان جاری رہے گا،حافظ محمد صابر پاشاہ

حیدرآباد۔/17جون، ( راست ) مولانا حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے حج ہاوز کے اجتماع نماز عید سے قبل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ماہ رمضان المبارک کو تو رخصت کیا ہے لیکن اس کے فیضان کو رخصت نہیں کیا، قرآن کی تلاوت کو رخصت نہیں کیا، اعمال خیر کو رخصت نہیں کیا ، جس طرح ہم رمضان المبارک میں اعمال خیر انجام دیا کرتے تھے اس سلسلہ کو بعد رمضان بھی جاری رکھیں، اس مہینہ میں ہمارا ہر قدم نیکی اور بھلائی کی طرف اٹھاکر تا تھا، صبر و شکر ہمارا شیوہ بن چکا تھا، یہ رفتار کردار ماہ رمضان کے بعد بھی باقی رہے۔ حافظ محمدصابر پاشاہ قادری نے کہا کہ ماہ رمضان میں ہمارا ہر عمل شریعت مطہرہ کی روشنی میں ہوا کرتا تھا، رمضان المبارک کے گزرنے کے بعد اس اطاعت و اتباع میں تساہل اور غفلت نہ ہونے پائے، ایمان والوں کا یہ شعار نہیں کہ وہ احکام الہی سے انحراف کریں۔ رمضان کے روزہ داروں کا یہ طریقہ نہیں کہ وہ اس مہینہ کے گزر جانے کے بعد ارشادات نبویؐ سے روگردانی اختیار کریں، کیونکہ شریعت تو ایمان والوں پر ہر حال میں لاگو رہے گی۔