نئی دہلی16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت نے رمضان کے دوران پرامن ماحول برقراررکھنے کی سمیت میں بڑاقدم اٹھاتے ہوئے سیکورٹی فورسیز کو ہدایت دی ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں اس ماہ مبارک کے دوران کسی طرح کی کارروائی نہ کریں۔مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ٹوئٹر پر یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ سیکورٹی فورسیز کو رمضان المبارک کے دوران جموں و کشمیر میں کارروائی نہیں کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ لیکن یہ واضح کیا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسیز پر حملہ ہونے اور بے قصور لوگوں کو بچانے کے لئے ضروری جوابی کارروائی کی جائے گی۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ مرکز کے فیصلے کی اطلاع وزیر اعلی محبوبہ مفتی کو بھی دے دی گئی ہے ۔محترمہ مفتی نے حال ہی میں ریاست میں کل جماعتی میٹنگ طلب کی تھی جس میں رمضان کے دوران ریاست میں جنگ بندی کی تجویز منظور کی گئی تھی۔ اس وقت ریاست میں بی جے پی لیڈروں نے اس تجویز کی نکتہ چینی کی تھی لیکن آج مرکز نے اچانک سیکورٹی فورسیز کو اس طرح کی ہدایت دے کر ریاست میں صورت حال کو معمول پر لانے کی سمیت میں بڑا قدم اٹھایا ہے۔
میہول چوکسی ، گیتا نجلی گروپ کیخلاف سی بی آئی کی چارج شیٹ داخل
نئی دہلی۔ 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی نے آج زائد از 2 بلین امریکی ڈالر پنجاب نیشنل بینک (پی این بی) اسکام کے سلسلے میں بلینر جیویلر میہول چوکسی اور دیگر 17 کمپنیاں بشمول ان کی ملکیت کی کمپنیوں اور دیگر افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی۔ عہدیداروں نے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ چارج شیٹ ممبئی میں ایک خصوصی سی بی آئی عدالت میں داخل کی گئی۔