13 جولائی سے قبل دوسری قسط ادا کرنے کا مشورہ، عازمین حج کے تربیتی اجتماع سے پروفیسر ایس اے شکور کا خطاب
حیدرآباد 28 جون (پریس نوٹ) پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے کہا ہے کہ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے منتخب عازمین حج کے لئے رمضان کے فوری بعد ویکسی نیشن پروگرام شروع کیا جارہا ہے جس کے لئے وسیع پیمانہ پر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ یہ ویکسی نیشن کافی قیمتی ہوتا ہے جو حکومت ہند عازمین کے لئے بلا معاوضہ سربراہ کرتی ہے۔ اس میں مختلف وباؤں اور بیماریوں کی روک تھام کی قوت ہوتی ہے۔ جامع مسجد قطب شاہی خیریت آباد میں عازمین حج کے چھٹے تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ تمام عازمین حج 13 جولائی تک دوسری قسط کی رقم بینک میں جمع کروادیں ورنہ ان کی سیٹ منسوخ ہوجائے گی۔ انھوں نے بتایا کہ پہلی قسط ادا نہ کرنے والے درخواست گذاروں کی جو نشستیں منسوخ ہوئیں اس پر تلنگانہ کے 183 درخواست گزاروں کا ویٹنگ لسٹ سے انتخاب ہوا جن کو 6 جولائی تک مکمل رقم ادا کرنی لازمی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ حج کمیٹی نے 13 زبانوں میں حج گائیڈ شائع کی ہے جو بہت جلد عازمین کو پہنچائی جائے گی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے خادم الحجاج کی ذمہ داریوں سے بھی واقف کروایا۔ انھوں نے کہاکہ ضرورت مند عازمین اپنے ساتھ وہیل چیئر بھی لے جاسکتے ہیں جو لگیج میں شامل نہیں ہے۔ اس کے علاوہ حج مشن کے توسط سے بھی مفت سربراہ کئے جاتے ہیں جو بہت محدود تعداد میں ہوتے ہیں۔ اجتماع کا آغاز حافظ معزالدین کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ جناب محمد سمیع الدین اور جناب محمد انس نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ جناب عبدالرؤف خان انجینئر نے کارروائی چلائی۔ مولانا مفتی محمد امجد نے کہاکہ جب مدینہ میں حاضری دیں تو اُمت کے لئے آپ کے درد اور آپ ﷺ کے احسانات کو یاد رکھیں۔ حج پر روانگی کے موقع پر لوگوں خصوصاً والدین کے حقوق کی ادائیگی کا خیال رکھیں۔ ڈاکٹر نذیر نے فضائل و مناسک حج و عمرہ بیان کرتے ہوئے عازمین کو مفید مشورے دیئے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے عازمین حج سے خواہش کی کہ وہ مقررہ وقت پر وہ دوسری قسط کی رقم ادا کردیں تاکہ کسی قسم کی دشواریوں سے بچا جاسکے۔