رمضان کی خلاف ورزی پر ایران میں 5 افراد کو کوڑوں کی سزا

تہران۔ 27؍جولائی (سیاست ڈاٹ کام)۔ پانچ افراد کو ایران میں برسرعام کوڑوں کی سزا دی گئی، کیونکہ انھوں نے ماہِ رمضان کے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کھلے عام کھانا کھایا تھا۔ سرکاری ذرائع ابلاغ کے بموجب خاطیوں نے پولیس کے انتباہ کو نظر انداز کرتے ہوئے ایران کے مغربی شہر کرمان شاہ میں ’دانستہ طور پر‘ کھانا کھایا تھا۔ صوبہ کے شعبۂ اِنصاف کے سربراہ علی مزعفری نے سرکاری خبر رساں ادارہ ’ارنا‘ کے حوالہ سے خبر دی کہ ان کی کارستانی کے لئے انھیں برسرعام کوڑے لگائے گئے۔ ایرانی عہدیدار ہر سال رمضان کا احترام کرنے کا انتباہ دیا کرتے ہیں اور برسرعام کھانے یا پینے سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہیں، تاہم اکثر لوگ روزہ نہیں رکھتے، خاص طور پر موسم گرما میں لوگ لب سڑک پانی پیتے نظر آتے ہیں۔

فیس بک پر بُک مارکنگ فیچر ‘Save’ کا آغاز
واشنگٹن۔ 27؍جولائی (سیاست ڈاٹ کام)۔ فیس بک نے ایک نیا پروگرام شروع کیا ہے جس کے ذریعہ صارفین خبروں کی معلومات اور فیس بک کے صفحات کو مقامات، واقعات، فلموں، ٹی وی شوز اور میوزک سے مربوط کرسکیں گے اور صارفین محفوظ کردہ ان تمام واقعات کو دوبارہ دیکھ سکیں گے۔ لفظ ‘Save’ استعمال کرنے سے فیس بک ان تمام واقعات، شوز اور فلموں کو بعد ازاں استعمال کے لئے محفوظ کرلے گا۔ سافٹ ویر انجینئر فیس بک ڈینیل گلام بالوو نے اپنے بلاگ میں تحریر کیا ہے کہ روزانہ لوگوں کو فیس بک پر کئی دلچسپ ایٹمس نظر آتے ہیں، لیکن وہ اتنے مصروف ہوتے ہیں کہ فوری طور پر یہ پروگرام نہیں دیکھ سکتے۔ ایسے صارفین کی سہولت کے لئے یہ خدمات شروع کی جارہی ہیں جس سے دلچسپ شوز، فلمیں اور واقعات محفوظ رکھے جاسکیں گے اور صارفین اپنے فرصت کے اوقات میں ان کا مشاہدہ کرسکیں گے۔