رمضان میں 4 لاکھ مسلم خاندانوں میںکپڑوں کی تقسیم

اے کے خاں نے جائزہ اجلاس طلب کیا،اقلیتی بہبود کے بجٹ کی اجرائی
حیدرآباد۔/18 اپریل، ( سیاست نیوز) حکومت کے مشیر برائے اقلیتی اُمور اے کے خاں نے رمضان المبارک کے دوران دعوت افطار اور غریب مسلم خاندانوں میں کپڑوں کے تحفہ کی تقسیم کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی 800 مساجد میں 4 لاکھ غریب مسلم خاندانوں میں گفٹ پیاکٹس تقسیم کئے جائیں گے۔ تلنگانہ ہینڈلوم اینڈ ویوورس کوآپریٹیو سوسائٹی کے ذریعہ کپڑے حاصل کئے جارہے ہیں۔ کارپوریشن 20 مئی تک گفٹ پیاکٹس حوالے کردے گا۔ انہوں نے بتایا کہ شادی مبارک اسکیم کے تحت چیف منسٹر نے امدادی رقم کو 75 ہزار 116 روپئے سے بڑھا کر ایک لاکھ 116 روپئے کردیا ہے جس پر یکم اپریل سے عمل آوری جاری ہے۔ مالیاتی سال 2018-19 کے دوران حکومت نے اقلیتی بہبود کیلئے 2000 کروڑ کا بجٹ مختص کیا ہے اور مختلف اہم اسکیمات کیلئے 496 کروڑ 77 لاکھ جاری کردیئے گئے۔ فیس بازادائیگی کیلئے248کروڑ، اسکالر شپس 100 کروڑ، اوورسیز اسکالر شپس 25 کروڑ ، پری میٹرک اسکالر شپ 30 کروڑ اور شادی مبارک اسکیم کیلئے 93 کروڑ 77 لاکھ روپئے جاری کئے گئے۔ اجلاس میں سکریٹری اقلیتی بہبود ایم دانا کشور، منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ کوآپریٹیو سوسائٹی شریمتی شیلجا رما ایر اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔