صفائی ‘ پانی و برقی کی موثر سربراہی کا تیقن : سرینواس یادو کا اجلاس
حیدرآباد۔15جون ( سیاست نیوز) حکومت ماہ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل تمام مساجد بالخصوص شہر کی مساجد کے پاس صحت و صفائی کے انتظامات ‘ پانی و برقی کی موثر سربراہی کے علاوہ دیگر مسائل کی یکسوئی کیلئے اقدامات کرے گی ۔ اس سلسلہ میں حکومت کی جانب سے تمام ضلع کلکٹرس وغیرہ کو ضروری ہدایات بھی دی گئی ہیں ۔ آج حلقہ جات اسمبلی صنعت نگر سکندرآباد اور مشیرآباد کی مختلف مساجد کمیٹیوں کے ذمہ داروں کی موجودگی میں متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ ماہ رمضان المبارک کے انتظامات کا جائزہ لیا اور جو انتظامات باقی رہ گئے ہیں انکی آئندہ دو دن میں تکمیل کرنے کی وزیر کمرشیل ٹیکس مسٹر ٹی سرینواس یادو نے ہدایات دیں ۔ اجلاس میں مساجد کمیٹیوں کے ذمہ دار عہدیداروں نے مختلف مسائل کی نشاندہی کی اور بتایا کہ مساجد کے اطراف صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے بالخصوص کچرے کی کنڈیوں سے صبح و شام و مرتبہ کچرے کی نکاسی عمل میں لانے ‘ ڈرینج سسٹم میں بہتری پیدا کرکے ڈرینج کے اُبل پڑنے کے واقعات کا تدارک کرنے اقدامات کی خواہش کی ۔ اس کے علاوہ مساجد کمیٹیوں کے عہدیداروں نے مساجد کے اطراف لائٹنگ کے بہترین انتظامات کرنے کے علاوہ برقی کی موثر سربراہی کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔ علاوہ ازیں بعض مساجد کمیٹیوں کے عہدیداروں نے وزیر موصوف کی اقلیتوں کے مسائل کی یکسوئی سے دلچسپی پر ستائش کی ۔ سرینواس یادو نے مساجد کمیٹیوں کے پیش کردہ مسائل پر برسرموقع متعلقہ عہدیداروں کو توجہ دلاتے ہوئے 17جون تک ان کی یکسوئی کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں اور کہا کہ جو رمضان المبارک کیلئے ضروری مسائل ہیں ان کی فوری یکسوئی کی جائے گی علاوہ ازیں ماہ رمضان المبارک میں بالخصوص شام کے اوقات یعنی افطار سے قبل ٹریفک کے مسائل کو بھی حل کرنے اورٹریفک کو بحال رکھنے کیلئے اقدامات کرنے پولیس کو ہدایات دیں۔