رمضان میں جنگ بندی کیلئے محبوبہ مفتی کی اپیل

سرینگر 4 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے آج مرکزی حکومت اور عسکریت پسندوں دونوں سے اپیل کی کہ وہ جموںو کشمیر میں رمضان المبارک کے دوران جنگ بندی کا اعلان کریں تاکہ عوام کو کچھ راحت مل سکے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ رمضان کا مہینہ شروع ہونے والا ہے وہ حکومت ہند سے اپیل کرتی ہیں کہ چونکہ جموںو کشمیر مسلم اکثریتی ریاست ہے اور یہاں کے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ یہ عبادتوں کا مہینے ہے ۔ اسلئے وہ مرکز سے اپیل کرتی ہیں کہ وہ گذشتہ سال کی طرح جنگ بندی کا اعلان کرے تاکہ کوئی کارروائی ‘ تلاشی مہم اور انکاونٹرس نہ ہوسکے اور عوام کو راحت مل سکے ۔ انہوں نے عسکریت پسندوں سے بھی اپیل کی کہ وہ سکیوریٹی فورسیس پر حملے بند کردیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عسکریت پسندوں سے بھی کہنا چاہتی ہیں کہ وہ بھی اس مقدس مہینے کی اہمیت اورعبادتوں کو سمجھیں اور اس مہینے میں کسی طرح کے حملے نہ کریں۔