رمضان صبر غمخواری کا مہینہ ، اعمال صالحہ پر زور

جامع مسجد ایرفورس میں مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی کا خطاب
حیدرآباد ۔ /31 مئی (پریس نوٹ) رمضان المبارک کا مہینہ مسلمانوں کیلئے حق تعالیٰ شانہ کا بہت ہی بڑا انعام ہے مگر تب ہی کہ اس انعام کی قدر کی جائے حدیث پاک میں آیا ہے کہ اگر لوگوں کو معلوم ہوجائے رمضان کیا چیز ہے تو میری امت یہ تمناکرے گی کہ سارا سال رمضان ہی ہوجائے ان خیالات کا اظہار مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی سیوانگری صدر جمعیۃ علماء ضلع میڑچل ملکاجگری نے جامع مسجد ایرفورس گوتم نگر بالا نگر حیدرآباد میں منعقدہ مسلمانوں کے خصوصی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا حسامی نے کہا حضرت سلمان کہتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے شعبان کی آخری تاریخ میں ہم لوگوں کو وعظ فرمایا کہ تمہارے اوپر ایک مہینہ آرہا ہے جو مبارک مہینہ ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے اس مہینہ کے روزوں کو فرض فرمایا اور رات کے قیام یعنی تراویح کو ثواب کی چیز بنایا ۔ اگر کوئی شخص اس ماہ میں ایک فرض ادا کرتا ہے تو اس کا ثواب غیر رمضان میں 70 ستر فرض ادا کرنے کے برابر ہے اور ایک نفل ادا کرتا ہے تو اسے فرض کے برابر ثواب ملتا ہے ، یہ مہینہ صبر کا ہے ۔ صبر کا بدلہ جنت ہے اور یہ مہینہ لوگوں کے ساتھ غمخواری کا ہے ۔ اس مہینہ میں اگر کوئی شخص کسی روزہ دار کا افطار کرائے تو اسے روزہ دار کے ثواب کے مانند ثواب ملتا ہے اور یہ عمل اسے جہنم سے خلاصی کا سبب بنتا ہے اس ماہ میں مومن کا رزق بڑھادیا جاتا ہے ۔ اس ماہ میں چار چیزوں کی کثرت کا حکم دیا گیا ۔ کلمہ طیبہ اور استغفار کی کثرت جنت کی طلب اور جہنم سے پناہ روزہ کو سحری سے تقویت حاصل کرے ۔ حضور ﷺ نے فرمایا سحری کھایا کرو کیونکہ اس میں برکت پوشیدہ ہے ۔