بارش کے لئے مکہ مسجد میں دعائیں‘ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔ 8؍جولائی (سیاست نیوز)۔ حیدرآباد کی مختلف مساجد میں رمضان المبارک کے پہلے عشرہ کے اختتام پر خصوصی دعائیں کی گئیں۔ تاریخی مکہ مسجد میں رمضان المبارک کے پہلے عشرہ کے اختتام پر بارانِ رحمت کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ خطیب مکہ مسجد حافظ و قاری عبداللہ قریشی الازہری نے بارش کے لئے رِقت انگیز دعاء کی۔ مادر وطن ہندوستان اور بالخصوص ریاست تلنگانہ میں امن، ترقی و خوشحالی کے علاوہ عالم اِسلام میں امن و امان، ملت اسلامیہ میں اتحاد کے لئے بھی دعائیں کی گئیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی نے شرکت کی اور نماز تراویح ادا کی۔ اِمام مکہ مسجد حافظ و قاری محمد رضوان قریشی نے پہلے عشرہ میں نماز تراویح میں روزانہ تین پاروں کی تلاوت کی اور آج شب کلام مجید کی تکمیل ہوئی۔ خصوصی دعاء اور تراویح میں شرکت کرنے والوں میں مفتی محمد عظیم الدین صدر مفتی جامعہ نظامیہ اور مولانا سید قبول پاشاہ شطاری معتمد مجلس علماء دکن بھی شامل تھے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے نماز اور دعاء کے بعد مصلیوں سے مختصر خطاب کیا اور وعدہ کیا کہ ریاستی ٹی آر ایس حکومت مسلمانوں کو پولیس ہراسانی سے نجات دلائے گی اور کسی بھی دوسری ریاست کی پولیس تلنگانہ کے کسی بھی بے قصور مسلم کو گرفتار نہیں کرسکے گی۔ مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو 12 فیصد تحفظات اور ہر مسلم خاندان کے ایک شخص کو ملازمت دینے کے وعدہ کی پابند ہے۔ مکہ مسجد کو شاہی مسجد کا درجہ دیا جائیگا۔