رمضان المبارک کے دوران برقی و پانی کی مؤثرسربراہی

حیدرآباد۔ 28 مئی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ بالخصوص شہر حیدرآباد میں ماہ رمضان المبارک و شب برأت کے موقع پر حکومت تلنگانہ گزشتہ سال کے مقابلہ مزید بہتر انتظامات کرے گی۔ ماہ رمضان المبارک کے دوران مختلف انتظامات کی انجام دہی کیلئے حکومت پانچ کروڑ روپئے بھی فراہم کرے گی تاکہ مساجد کے مرمتی و نگہداشت کے کام انجام دیئے جاسکیں۔ علاوہ ازیں شہر حیدرآباد کی نامور و قدیم عیدگاہ میر عالم کے پاس ایک وسیع تر خوبصورت کمان کی تعمیر کیلئے ماہ رمضان سے قبل یا دوران رمضان المبارک سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں ماہ رمضان المبارک کے فوری بعد نئے بیت الخلاؤں کے تعمیری کام شروع کئے جائیں گے۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ اضلاع میں بھی رات دیر گئے تک دوکانات ہوٹلیں وغیرہ کھلی رکھنے کی اجازت دی جائے گی اور عید گاہ قدیم مادنا پیٹ کے تعمیری و مرمتی کام انجام دینے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔ ریاستی حج ہاؤز کی عمارت کو حج کیمپ کے آغاز سے قبل آہک پاشی اور رنگ و روغن کی انجام دہی مکمل کرلینے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ ’’جمعۃ الوداع کیلئے بھی تاریخی مکہ مسجد و چارمینار کے پاس وسیع تر انتظامات کئے جائیں گے۔ آج یہاں ریاستی سیکریٹریٹ تلنگانہ کے کانفرنس ہال میں ماہ رمضان المبارک کے سلسلے میں کئے جانے والے انتظامات کا ارکان اسمبلی و کونسل، وزراء حیدرآباد اور مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ (اُمور ریوینیو) جناب محمد محمود علی نے مذکورہ تیقنات دیئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مساجد میں ضرورت کے مطابق پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کرے گی ۔ انہوں نے صحت و صفائی کچرے کی روزانہ دو مرتبہ نکاسی، کسی خلل اندازی کے بغیر برقی کی موثر سربراہی کو یقینی بنانے زائد برقی ٹرانسفارمرس تیار رکھنے کے علاوہ احتیاطی تدابیر کے تحت سالار جنگ میوزیم کے پاس دو فائر انجنوں کو تیار رکھنے کیلئے عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں۔ جناب محمد محمود علی نے مزید کہا کہ شہر حیدرآباد میں اسٹریٹ لائیٹس کی درستگی کے ساتھ ساتھ شب برأت کے موقع پر قبل از وقت قبرستانوں کی صفائی کے کام انجام دینے و قبرستانوں میں روشنی کے انتظامات کرنے اور راستوں کی صفائی کو یقینی بنانے کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کرنے کی متعلقہ عہدیداروں بالخصوص اسپیشل آفیسر و کمشنر، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن مسٹر موہن کمار کو ہدایات دیں۔ وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی پیش کردہ تجاویز پر موثر عمل آوری کی جائے گی اور ماہ رمضان شہر حیدرآباد و ریاست تلنگانہ میں انتہائی شاندار انداز میں اور پرامن طور پر ہندو مسلم مل جل کر منائیں گے ۔