ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم کا دورہ مکہ مسجد ، صفائی اور دیگر کاموں کی اندرون دو یوم تکمیل کی ہدایت
حیدرآباد ۔ یکم مئی (سیاست نیوز) حکومت نے مکہ مسجد اور شاہی مسجد میں رمضان المبارک کے انتظامات کے سلسلہ میں تقریباً 37 لاکھ روپئے کے کاموں کو منظوری دی ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے آج مکہ مسجد کا دورہ کرتے ہوئے رمضان المبارک کی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ آئندہ دو دنوں میں تمام ضروری کام مکمل کرلئے جائیں کیونکہ 5 مئی سے رمضان المبارک کا آغاز ہوسکتا ہے۔ شاہنواز قاسم نے مکہ مسجد کے تمام حصوں کا دورہ کرتے ہوئے مرمتی اور صفائی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی نے تفصیلات سے واقف کرایا ۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے ٹائلٹس اور وضو خانہ کا معائنہ کیا جہاں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے صفائی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران صفائی کے سلسلہ میں کوئی شکایت نہیں آنی چاہئے ۔ ٹائلٹس کے دروازے اور کموٹ تبدیل کردیئے گئے ہیں۔ وضو خانہ کی جالیوں کو کلر اور پتھروں کی درستگی کی کام تیزی سے جاری ہے ۔ مسجد کے صحن میں گرینائیٹ کو درست کردیا گیا ہے۔ بلدیہ کی جانب سے صحن میں تراویح کے سلسلہ میں ٹینٹ نصب کیا گیا۔ مقبرہ کے دوسرے حصہ میں خواتین کیلئے ٹینٹ کا انتظام کیا گیا ۔ شاہنواز قاسم نے مسجد کے اندرونی حصہ میں صفائی اور جاء نمازوں کی کیمیکل صفائی کا معائنہ کیا۔ مسجد کے سمپ میں واٹر ٹریٹمنٹ پلان نصب کیا گیا ہے ۔ الیکٹرسٹی سے متعلق تمام کام تیزی سے جاری ہیں، مائیک اور لاوڈ اسپیکر کی درستگی اندرون دو یوم مکمل ہوجائے گی۔ سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ حکومت نے رمضان المبارک کے دوران 1500 کیلو گرام کھجور کی خریدی کو منظوری دی ہے جس میں ایک ہزار کیلو مکہ مسجد کیلئے اور 500 کیلو شاہی مسجد کیلئے ہوں گے ۔ متحدہ عرب عمارات کی حکومت کی جانب سے ہر سال کی طرح 3000 کیلو بطور تحفہ پیش کئے جاسکتے ہیں۔