رمضان المبارک کے انتظامات کا دانا کشور نے جائزہ لیا

تاریخی مکہ مسجد کا دورہ، وضو خانے اور بیت الخلاؤں کی صفائی پر توجہ کی ہدایت
حیدرآباد۔/27 اپریل، ( سیاست نیوز) کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن دانا کشور نے آج بلدی، آبرسانی اور پولیس کے عہدیداروں کے ساتھ مکہ مسجد کا دورہ کرتے ہوئے رمضان المبارک کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ دانا کشور نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل ہی مکہ مسجد میں تمام ضروری انتظامات مکمل کرلیں۔ صحت و صفائی کے علاوہ پانی اور برقی کی موثر سربراہی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے چارمینار کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں صحت و صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور بعض مقامات پر جاری کھدائی کے کاموں سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ دانا کشور نے مکہ مسجد کے اندرونی حصہ میں انتظامات کا جائزہ لیا اور کہا کہ افطار و تراویح کے موقع پر بہتر انتظامات کئے جائیں گے۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دانا کشور نے کہا کہ 5 مئی سے مقدس رمضان المبارک کا آغاز ہورہا ہے۔ مسلمانوں کیلئے یہ مہینہ ہر اعتبار سے متبرک و مقدس ہے۔ وہ مکہ مسجد کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پہنچے ہیں۔ دانا کشور نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور واٹر ورکس کی جانب سے خصوصی کیمپس لگائے جائیں گے۔ مکہ مسجد میں وضؤ خانوں اور ٹائیلٹس کی صفائی کیلئے 19 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واٹر ورکس کی جانب سے خصوصی کیمپ لگایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان مبارک کے دوران سیوریج کا کوئی مسئلہ درپیش نہ ہو اس کے لئے ٹیموں کو تیار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ واٹر ورکس کی جانب سے مکہ مسجد میں 3.2 لاکھ پانی کے پیاکٹس سربراہ کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ضرورت پڑنے پر ٹینکرس سے پانی سربراہ کیا جائے گا۔ کمشنر بلدیہ نے کہا کہ پرانے شہر میں صحت و صفائی کے انتظامات کیلئے 20 لاکھ روپئے سے ٹنڈر طلب کرتے ہوئے خصوصی گاڑیوں کا انتظام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسلمان رمضان المبارک کے دوران اپنی عبادتوں کا بہتر طور پر انعقاد کرتے ہوئے انہیں بھی دعاؤں میں یاد رکھیں گے۔