حیدرآباد۔24 اپریل (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے سکریٹری اقلیتی بہبود مہیش دت ایکا کو مشورہ دیا ہے کہ وہ رمضان المبارک کے انتظامات کے سلسلہ میں مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کریں۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے سبب وزراء کی سطح پر جائزہ اجلاس منعقد نہیں کیا جاسکتا۔ اب جبکہ رمضان المبارک کا آغاز ہونے کو ہے، حکومت کے تمام محکمہ جات کو انتظامات کے سلسلہ میں تیاریوں کا آغاز کرنا ہوگا۔ عام طور پر یہ اجلاس متعلقہ وزیر کی صدارت میں منعقد کیئے جاتے ہیں جس میں برقی، آبرسانی، بلدی نظم و نسق، جی ایچ ایم سی، ہیلتھ پولیس اور دیگر محکمہ جات کو طلب کرتے ہوئے رمضان المبارک کے ایک ماہ کے دوران انتظامات کا ایکشن پلان تیار کیا جاتا ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں مساجد کے اطراف سڑکوں کے مرمتی کاموں کے سلسلہ میں رقومات منظور کی جاتی ہیں۔ چوں کہ جائزہ اجلاس کی طلبی میں تاخیر ہوچکی ہے، عہدیداروں کو جنگی خطوط پر تیاریاں کرنی پڑیں گی۔ رمضان المبارک کے دوران برقی اور پانی کی موثر سربراہی پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ شہر میں ان دنوں برقی کی سربراہی کے سلسلہ میں کئی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ روزانہ برقی کٹوتی کی اطلاعات مل رہی ہیں۔ کئی علاقوں میں پانی کی عدم سربراہی کے سبب عوام ابھی سے اندیشوں کا شکار ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ سرکاری عہدیدار رمضان المبارک کے دوران کس حد تک موثر انتظامات کرپائیں گے۔