رمضان المبارک کیلئے پیاکیج کا اعلان چیف منسٹر کی اقلیت دوستی کا ثبوت

افطار و غرباء میں ملبوسات کی تقسیم، ملک میں ریاست کو خصوصی اعزاز، ارشد علی خان
حیدرآباد۔ 28۔ مئی  ( سیاست نیوز) رمضان المبارک کے سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جارہے وسیع تر انتظامات اور روزہ داروں کیلئے رمضان پیکیج کا اعلان چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی اقلیت دوستی کا ثبوت ہے۔ ٹی آر ایس کے سینئر قائد ارشد علی خاں نے رمضان پیکیج کے سلسلہ میں 15 کروڑ روپئے کی اجرائی کا خیرمقدم کیا، جس کے تحت حیدرآباد اور اضلاع کی مساجد میں نہ صرف افطارکا انتظام کیا جائے گا بلکہ غریبوں میں کپڑے تقسیم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے اس منفرد اسکیم کا آغاز کرتے ہوئے ملک میں نئی مثال قائم کی ہے۔ چیف منسٹر کے اس اقدام سے اقلیتیں کافی خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 100 مساجد اور اضلاع کی 100 مساجد میں اس پیکیج پر عمل کیا جائے گا ۔ گزشتہ سال اس پیکیج پر پہلی مرتبہ عمل آوری کی گئی۔ ارشد علی خاں نے کہا کہ رمضان المبارک کی خوشیوں میں غریب خاندانوں کو شامل کرنے کے جذبہ کے تحت چیف منسٹر نے اس پیکیج کا آغاز کیا۔ نہ صرف مسلمانوں بلکہ عیسائی طبقہ کیلئے بھی کرسمس کے موقع پر حکومت کی جانب سے نہ صرف تقاریب منعقد کی گئی بلکہ غریبوں میں کپڑے تقسیم کئے گئے ۔ ارشد علی خاں نے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کو رمضان المبارک کے انتظامات کیلئے مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں ڈپٹی چیف منسٹر نے کئی اہم فیصلے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع کو 50 لاکھ روپئے کی اجرائی باعث مسرت ہے ۔ اس رقم کے ذریعہ اضلاع میں مساجد کی تعمیر و مرمت اور تزئین نو کا کام انجام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کے دوران بلا وقفہ برقی کی سربراہی اور عبادتگاہوں کے اطراف صحت و صفائی کے انتظامات کئے جائیں گے۔ ارشد علی خاں نے کہا کہ ڈپٹی چیف منسٹر شہر اور بالخصوص پرانے شہر کے مسائل کی یکسوئی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے بعض ارکان اسمبلی حکومت پر غیر ضروری تنقیدوں کے ذریعہ سستی شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ حالیہ بارش کے موقع پر حکومت نے جنگی پیمانہ پر امدادی کام انجام دیئے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی چیف منسٹر نے پرانے شہر کے دورہ کے موقع پر جو بھی اعلانات کئے ہیں، ان پر بہرصورت عمل آوری کی جائے گی۔ ارشد علی خاں نے عوامی نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ پرانے شہر کی ترقی کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی سے مکمل تعاون کریں جو دن رات اقلیتوں اور پرانے شہر کی ترقی کے بارے میں فکرمند رہتے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے اس سے قبل بھی اعلیٰ عہدیداروں کے اجلاس طلب کرتے ہوئے بارش کے موقع پر بچاؤ اور امدادی اقدامات کی ہدایت دی تھی۔