ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی اور وزیرآبکاری پدماراؤ نے مکہ مسجد، عیدگاہ اور لال دروازہ کا دورہ کیا، تعمیری کاموں کی تکمیل کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 17 جون (سیاست نیوز) ریاستی وزراء مسٹر محمد محمود علی اور مسٹر ٹی پدماراؤ نے آج بونال اور رمضان المبارک کے سلسلہ میں شہر کے اہم مقامات کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر و وزیرمال مسٹر محمد محمود علی، ریاستی وزیر آبکاری مسٹر ٹی پدما راؤ کے ہمراہ جی ایچ ایم سی کمشنر مسٹر سومیش کمار موجود تھے۔ ان وزراء نے لال دروازہ میں واقع منادر کے اطراف و اکناف بونال تہوار کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے اپنے دورہ کا آغاز کیا جہاں سے وہ تاریخی مکہ مسجد پہنچے۔ مکہ مسجد میں مختلف کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے اس بات کا تیقن دیا کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل تمام تعمیری کاموں کی تکمیل کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ بعدازاں وزراء کا یہ قافلہ عیدگاہ میرعالم پہنچا جہاں ان وزراء نے مختلف امور کا جائزہ لیا جہاں سے ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی و دیگر گولکنڈہ روانہ ہوئے جہاں بونال کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزراء کے اس اہم ترین دورہ میں سوائے کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ کوئی اعلیٰ عہدیدار موجود نہیں تھا جس سے ایسا محسوس ہورہا ہیکہ ریاستی وزراء کا یہ دورہ سیاسی نوعیت کا نظرآرہا تھا۔ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی اور مسٹر ٹی پدما راؤ نے آج تاریخی مکہ مسجد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی ہدایت پر وہ یہ دورہ کرتے ہوئے حالات سے آگہی حاصل کررہے ہیں اور ان حالات سے بہت جلد چیف منسٹر کو واقف کروادیا جائے گا۔ جناب محمود علی نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مکہ مسجد میں دو سال سے جاری مختلف تعمیری کاموں کے علاوہ دیگر مسائل کو اندرون 10 یوم حل کرلیا جائے گا۔
جناب محمد محمود علی نے بتایا کہ ٹی آر ایس حکومت تلنگانہ کے حفاظ اکرام و ائمہ مساجد کو ماہ رمضان المبارک کے موقع پر خصوصی مشاہرہ کی اجرائی کے متعلق مشاورت کررہی ہے اور اس کا جائزہ لینے کے بعد قطعی اعلان کیا جائے گا۔ جب انہیں اس بات سے واقف کروایا گیا کہ مکہ مسجد میں موجود صیانتی سی سی ٹی وی کیمرے غیرکارکرد ہیں تو اس کے متعلق انہوں نے عہدیداروں سے دریافت کرنا چاہا، لیکن اس موقع پر پولیس کا کوئی اعلیٰ عہدیدار یہ جواب دینے کیلئے موجود نہیں تھا جس کے سبب سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا کہ کئی کیمرے غیرکارکرد ہیں۔ مصلیان مکہ مسجد نے ڈپٹی چیف منسٹر کو مسجد میں پانی کے مسئلہ سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ پانی کی عدم موجودگی کے سبب مصلیان مسجد کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جناب محمود علی نے تیقن دیا کہ
اس مسئلہ کو جہاں تک ممکن ہوسکے حل کرلیا جائے گا۔ مسٹر ٹی پدما راؤ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی ہدایت پر وہ دورہ کررہے ہیں اور ریاستی حکومت فرقہ وارانہ ہم آہنگی و قومی یکجہتی کی برقراری کے ساتھ ساتھ ریاست کی ترقی پر سنجیدہ ہے۔ مسٹر ٹی پدما راؤ نے بتایا کہ تاحال صرف حیدرآباد کے علاوہ بڑی مساجد میں ماہ رمضان المبارک کے انتظامات کئے جاتے تھے لیکن اس مرتبہ تلنگانہ کے تمام 10 اضلاع میں خصوصی بجٹ کی تخصیص کے متعلق منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مصلیان مسجد سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعائیں کرے۔ پدماراؤ نے بتایا کہ جو کام عرصہ دراز سے لیت و لعل کا شکار ہے انہیں عاجلانہ طور پر مکمل کرنے کی ممکنہ کوشش کی جائے گی۔ عموماً ریاستی وزراء کے دوروں کے موقع پر ان کے ہمراہ تمام متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار موجود ہوا کرتے ہیں لیکن ماہ رمضان المبارک اور بونال تہوار کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے آج ہوئے وزراء کے اس دورہ کے دوران محکمہ برقی، آبرسانی، پولیس کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے عہدیدار موجود نہیں تھے بلکہ صرف کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد سومیش کمار تھے۔ علاوہ ازیں محکمہ اقلیتی بہبود کے دو عہدیدار اسسٹنٹ کمشنر مسٹر ایس کمار، ضلع اقلیتی بہبود عہدیدار مسٹر سورج کمار موجود تھے۔
ان کے علاوہ مسٹر سومیش کمار کمشنر بلدیہ کے ماتحتین کی بڑی تعداد بھی دورہ میں موجود تھی۔ ریاستی وزراء کے اس اہم ترین دورہ مکہ مسجد اور عیدگاہ میرعالم کے موقع پر وقف بورڈ کے کوئی عہدیدار موجود نہیں تھے جبکہ سابق میں وقف بورڈ، اقلیتی بہبود، آبرسانی، برقی، آر ٹی سی، بلدی، پولیس، ٹریفک پولیس، ضلع انتظامیہ کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار موجود رہا کرتے تھے۔ تلگودیشم رکن قانون ساز کونسل الحاج محمد سلیم نے کونسل کے اجلاس کے دوران حکومت کو ماہ رمضان المبارک کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں توجہ مبذول کروائی تھی۔ وزراء کے ہمراہ مکہ مسجد میں رکن اسمبلی چارمینار جناب سید احمد پاشاہ قادری کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ بعض محکمہ جات کے عہدیداروں سے رابطہ قائم کرنے پر بتایا گیا کہ انہیں اس دورہ کے متعلق مطلع نہیں کیا گیا تھا جس کے سبب وہ اس اہم ترین دورہ میں شامل رہنے سے قاصر رہے جن میں آندھراپردیش ریاستی وقف بورڈ بھی شامل ہے۔