رمضان المبارک میں 800 مساجد میں دعوت افطار اور4 لاکھ گفٹ پیاکٹس کی تقسیم

برقی اور پانی کی موثر سربراہی اولین ترجیح،حکومت کے مشیر اے کے خاں کا سکریٹری اقلیتی بہبود کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد ۔ 25۔ اپریل (سیاست نیوز) رمضان المبارک کے انتظامات کے سلسلہ میں اندرون دو یوم مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں نے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران ہر سال کی طرح تمام محکمہ جات کو باقاعدہ ایکشن پلان حوالے کیا جائے گا ۔ حکومت نے رمضان کے انتظامات کے سلسلہ میں اجلاس منعقد کرنے کی الیکشن کمیشن سے اجازت طلب کی۔ ریاست میں دو انتخابات کا ضابطہ اخلاق نافذ ہے اور الیکشن کمیشن نے سیاسی قائدین کے بغیر عہدیداروں کا اجلاس منعقد کرنے کی اجازت دی ہے۔ اے کے خاں نے آج سکریٹری اقلیتی بہبود مہیش دت ایکا کے ساتھ رمضان کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ایکشن پلان کو قطعیت دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے 800 مساجد میں دعوت افطار کا اہتمام کیا جائے گا ۔ ان میں 400 مساجد گریٹر حیدرآباد کے حدود کی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر مسجد کو دعوت افطار کیلئے ایک لاکھ روپئے منظور کئے جائیں گے ۔ 800 مساجد میں غریب مسلمانوں کو 4 لاکھ کپڑوں کے گفٹ پیاکٹس کی تقسیم عمل میں آئے گی ، ان میں دو لاکھ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں اور دو لاکھ اضلاع میں تقسیم ہوں گے ۔ چیف منسٹر کی جانب سے بھی دعوت افطار کا اہتمام کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ جاتی اعلیٰ سطحی اجلاس میں دیگر امور کو قطعیت دی جائے گی۔ رمضان المبارک کے دوران برقی کی بلا وقفہ سربراہی ، پانی کی موثر سربراہی اور صحت و صفائی کے انتظامات حکومت کی اولین ترجیح رہیں گے۔ اسی دوران تلنگانہ حکومت نے رمضان المبارک کے دوران غریبوں میں گفٹ پیاکٹس کی تقسیم اور دعوت افطار کے اہتمام کیلئے وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور کی صدارت میں 12 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود بی مہیش دت ایکا کی جانب سے جاری کردہ جی او میں بتایا گیا ہے کہ حکومت جاریہ سال رمضان المبارک کے دوران گزشتہ برسوں کی طرح دعوت افطار اور غریبوں میں کپڑوں کے گفٹ پیاکٹس کی تقسیم عمل میں لائے گی۔ اس سلسلہ میں آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ریاست بھر میں اس کا اہتمام کرے گی ۔ یہ کمیٹی چیف منسٹر کی دعوت افطار کا بھی انتظام کرے گی۔ کمیٹی کے صدرنشین وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور ہیں جبکہ ارکان میں اے کے خاں مشیر حکومت تلنگانہ ، آدرسنہا آئی اے ایس پرنسپل سکریٹری ، ایم دانا کشور آئی اے ایس کمشنر جی ایم سی ، احمد ندیم آئی اے ایس کمشنر لیبر ، بی مہیش دت ایکا آئی اے ایس سکریٹری اقلیتی بہبود ، انجنی کمار آئی پی ایس کمشنر پولیس حیدرآباد ، وی سی سجنار آئی پی ایس کمشنر پولیس سائبر آباد ، مہیش بھاگوت آئی پی ایس کمشنر پولیس رچاکنڈہ ، ایس اروندر سنگھ آئی اے ایس ڈائرکٹر پروٹوکول ، ایم اے عظیم آئی اے ایس کمشنر یوتھ سرویسز اور شاہنواز قاسم آئی پی ایس ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شامل ہیں۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود اس کمیٹی کے کنوینر ہوں گے ۔ واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے گزشتہ چند برسوں سے شہر اور اضلاع میں دعوت افطار اور غریب مسلمانوں میں کپڑوں کے گفٹ پیاکٹس کی تقسیم عمل میں لائی جارہی ہے ۔